لندن جانے کیلئے ہوائی جہازنہیں اب بسیں چلیں گیں،منصوبے کا اعلان کردیا گیا

دہلی : لندن جانے کیلئے ہوائی جہازنہیں بلکہ بس سےسفر کا منصوبہ،اطلاعات کے مطابق دہلی سے لندن جانے کے لئے اکثر مسافر ہوائی جہاز کا استعمال کرتے ہیں لیکن اب سڑک کے ذریعے دہلی سے لندن جانے کا منصوبہ متعارف کرایا گیا ہے۔ گڑگاؤں کی ایک نجی ٹراویل کمپنی نے 15اگست کو’ `بس ٹو لندن‘ کے نام سے ایک بس منصوبہ لانچ کیا ہے ۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کی طرف سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس بس کے ذریعے 70 دنوں میں سڑک کے ذریعے دہلی سے لندن پہنچ سکتے ہیں۔ اس سفر کے دوران مسافروںکو 18دیگر ممالک سے گزرنا ہوگا۔ ان میںمیانمار ، تھائی لینڈ ، لاؤس ، چین ، کرغزستان ، ازبیکستان ، قزاخستان ، روس ، لٹویا ، لتھوانیا ، پولینڈ ، جمہوریہ چیک ، جرمنی ، نیدرلینڈز ، بیلجیم ، فرانس جیسے ممالک شامل ہیں۔ دوران سفر 10 ویزا درکار ہوں گے جس کے مکمل انتظامات کمپنی کرے گی۔

ایڈونچر اوورلینڈ ٹراویلر کمپنی کے بانی تشار اگروال نے آئی اے این ایس کو بتایا کہ مَیں اور میرے ساتھی سنجے مدن نے 2017 ، 2018 اور2019 میں بھی کار کے ذریعے دہلی سے لندن کا سفر کیا تھا ۔ اس دوران ہمارے کچھ دوسرے ساتھی بھی ساتھ تھے۔ ہم ہر سال اس طرح کی مہم جوئی کرتے ہیں۔ بہت سارے لوگوں نے اس طرح کے سفر میں شامل ہونے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ جس کے بعد ہم نے اس کیلئے ایک بس منصوبہ تیار کیا۔ اسے15 اگست کو لانچ کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مئی 2021 کو ہم سفر شروع کرسکیں گے ۔ فی الحال کورونا کے پیش نظر اس کیلئے رجسٹریشن شروع نہیں کیا گیا ہے۔ ہندوستان اور دیگر ممالک کے حالات کو دیکھتے ہوئےاس کا آغاز کیاجائے گا۔اس سفر کے لئے خصوصی بس تیار کی جارہی ہے۔ اس میں 20مسافروں کیلئے تمام نشستیں بزنس کلاس کی ہوں گی۔ علاوہ ازیں اس میں ڈرائیور ، ایک اسسٹنٹ ڈرائیور ، ایک منتظم اور ایک گائیڈ بھی شامل ہوںگے۔

اس سفر کے لئے 4زمرے بنائے گئے ہیں۔ ہر ایک کی مختلف قیمتیں ادا کرنا ہوں گی۔ دہلی سے لندن تک کیلئے 15 لاکھ روپے خرچ ہوں گے ۔ اس ٹور کیلئے مسافروں کو ای ایم آئی کا آپشن بھی دیا جائے گا۔اگر کوئی لندن کا سفر مکمل نہیں کرسکتا ہے اور اگر وہ دوسرے ممالک تک ہی جانا چاہتا ہے تو وہ اس کا انتخاب بھی کرسکتا ہے۔

Comments are closed.