وزیراعظم 23 فروری سے روس کا 2 روزہ دورہ کریں گے

0
52

وزیراعظم عمران خان کابینہ ارکان سمیت اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ 23 فروری سے روس کا 2 روزہ دورہ کریں گے-

باغی ٹی وی : ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان 23 فروری کو 2 روزہ دورہ پر روس جائیں گے عمران خان 23 فروری کی شام کو ماسکو پہنچیں گے روس کے نائب وزیر خارجہ وزیر اعظم پاکستان کا استقبال کریں گے ، ماسکو آمد پر انہیں گارڈ آف آنر دیا جائے گا –

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم روسی صدر ولادی میر پیوٹن سے ون آن ون ملاقات کریں گے دو طرفہ کانفرنس اس دورے کے اہم نکات میں سے ہے، پاکستان اور روس کے درمیان باہمی وقار اور اعتماد پر مبنی دو طرفہ تعلقات موجود ہیں دو طرفہ سمٹ میں دونوں ملکوں کے رہنما افغانستان کی صورت حال، اسلاموفوبیا سمیت باہمی اور علاقائی تعاون پر تبادلہ خیال کریں گے وزیر اعظم کے دورہ روس سے دونوں ملکوں کے تعلقات کو مذید فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

سرکاری دورے کے دوران دونوں ممالک میں باہمی تعاون کے کئی معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط متوقع ہیں جس میں دونوں ممالک کے درمیان گیس پائپ لائن اور توانائی کے منصوبوں پر مذاکرات ہوں گے اور معاشی تجارتی اور سرمایا کاری کے منصوبوں کاجائزہ لینے کے لیے مشترکہ کمیشن کا اجلاس بھی ہوگا۔

خیال رہے کہ طویل عرصہ بعد پاکستان کے کسی حکومتی سربراہ کے دورہ روس پر دنیا بھر کی توجہ مرکوز ہے جبکہ وزیر اعظم عمران خان کے ہمراہ وفاقی وزرا شاہ محمود قریشی، حماد اظہراورفواد چوہدری کے علاوہ قومی سلامتی مشیر معیدد یوسف ہوں گے۔

دوسری جانب اینکر پرسن کامران خان نے وزیر اعظم عمران خان کےروس کے دورے کی ٹائمنگ پر تحفظات ظاہر کردیئے ہیں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کامران خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے دورہ روس کا وقت انتہائی غلط ہے، اس وقت ایک لاکھ 90 ہزار روسی فوجی یوکرین پر حملہ کرنے کو تیار بیٹھے ہیں، یورپ میں کسی بھی وقت جنگ شروع ہوسکتی ہے۔

انہوں نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر عمران خان کے دورے کے دوران ہی پیوٹن نے یوکرین پر حملے کا حکم دے دیا تو پھر کیا ہوگا، ویسے بھی پیوٹن کی افغان جنگ کے وقت سے ہی پاکستان کے ساتھ کچھ اچھی یادیں وابستہ نہیں ہیں۔

Leave a reply