اسلام آباد :وزیراعظم عمران خان نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی سہولت کے لئے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے اجراء کی منظوری دی ہے۔جمعرات کے روز اسلام آباد میں اس اقدام کے بارے میں ایک بریفنگ کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کا بیش قیمت اثاثہ ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملکی ترقی میں حصہ لینے والے بیرون ملک مقیم پاکستانی اور ان کے اہل خانہ کو تمام ممکنہ سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔اسٹیٹ بینک ملک کے آٹھ بڑے بینکوں کے اشتراک سے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ متعارف کرا رہا ہے جس کا آغاز ستمبر کے پہلے ہفتے میں ہو گا۔روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کی بدولت ترسیلات زر، بلوں کی ادائیگی ، سرمایہ کاری سمیت مختلف سہولیات باآسانی میسر آئیں گی۔
وزیرِ اعظم نے بیرون ملک پاکستانیوں کی سہولت کاری کے لئے متعارف کرائے جانے والے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے حوالے سے گورنر سٹیٹ بنک اور اشتراک کرنے والے نجی بنکوں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں۔ وطن سے دور رہ کر ملک کی تعمیر و ترقی میں حصہ ڈالنے والے ان پاکستانیوں اور ان کے خاندانوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔