اسلام آباد : وزیراعظم کا نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا دورہ،کرونا سے متعلق بریفنگ دی گئی ،فوج کے کردارکوبھی سراہا،اطلاعات کےمطابق آج وزیراعظم عمران خان نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا دورہ کیا۔وزیراعظم کے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے دورے کے دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی موجود تھے۔
وفاقی وزیربرائے منصوبہ بندی اسد عمر اور ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) آپریشن نے وزیراعظم کو کورونا کے باعث ملکی صورتحال پر بریفنگ دی۔اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ اشیائے خور و نوش کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے کہا کہ اشیائے خور و نوش کی قلت نہیں ہونے دی جائے گی اور ذخیرہ اندوزوں اور اسمگلرز کو نشان عبرت بنایا جائے گا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے ہمراہ میڈیا بریفنگ کے دوران فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر بنایا گیا، یہ کورونا سے متعلق اقدامات کا پلیٹ فارم ہے جہاں آج ڈاکٹر فیصل نے وزیر اعظم کو کورونا سے متعلق تمام معلومات دیں جبکہ وزیر اعظم نے آرمی چیف اور تمام اداروں کی کاوشوں کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ قوم کو وبا سے بچانا ویراعظم کی اولین ترجیح ہے، تمام اداروں کے ساتھ مل کر اقدامات کر رہے ہیں اور قومی حکمت عملی بنانے کے عمل میں مصروف ہیں، اس مقصد کے لیے صوبائی حکومتیں کورونا متاثرین کا ڈیٹا تشکیل دیں تاکہ مل کر حکمت عملی بنائیں۔
معاون خصوصی نے مزید بتایا کہ وزیراعظم نے آرمی چیف اور تمام اداروں کی کاوشوں کو سراہا، وزیراعظم نے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی ہے، وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ ملک میں سپلائی لائن متاثر نہیں ہونی چاہیے، وزیراعظم نے گندم کی کٹائی سے متعلق بروقت اقدامات کیلئے بھی ہدایات کی ہیں، وزیراعظم نے کہا ہےکہ آٹے کی قلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
خیال رہے کہ چند روز قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر میں منعقدہ خصوصی بریفنگ میں شرکت کی تھی۔بریفنگ میں شرکاء کو کورونا وائرس سے بچاؤ کے تازہ ترین اقدامات اور وفاقی و صوبائی انتظامیہ کی مدد کے لیے ملک بھر میں فوجی جوانوں کی تعیناتی کے بارے میں آگاہی دی گئی تھی۔
بریفنگ میں شاہ محمود قریشی، اسد عمر، بریگیڈیئر ریٹائرڈ اعجاز شاہ ، حماد اظہر سمیت دیگر وزراء اور معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا، حفیظ شیخ، فردوس عاشق اعوان، معید یوسف اور ثانیہ نشتر نے بھی شرکت کی تھی۔