وزیراعظم کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا حکم،عوام کوہرصورت ریلیف دیا جائے
اسلام آباد: وزیراعظم کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا حکم،عوام کوہرصورت ریلیف دیا جائے ،اطلاعات کےمطابق وزیراعظم عمران خان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا حکم دیتے ہوئے جامع حکمت عملی سے عوام کو ممکنہ ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت دے دی۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں عمر ایوب اور اسد عمر سمیت دیگر ارکان نے شرکت کی۔ اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار اور حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم کو پٹرولیم مصنوعات کی درآمد، قیمتوں اور اخراجات پر بریفنگ دی گئی جس میں کہا گیا کہ ماضی کی حکومتوں نے مناسب حکمت عملی اختیار نہیں کی۔
وزیراعظم عمران خان نے پٹرولیم مصنوعات سے متعلق گہری تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی کی حکومتوں کی برتی جانے والی مجرمانہ غفلت کی قیمت عوام نے چکائی،پٹرولیم مصنوعات کے حوالے سے وقتی اور قلیل مدتی انتظامات کا فقدان ماضی کے حکمرانوں کی نااہلی ہے۔
عمران خان نے ہدایت کی کہ ملکی ضروریات اور شرح نمو کے مطابق ضروریات پورا کرنے کے لئے متعلقہ محکموں کی باہمی کوارڈینیشن سے جامع حکمت عملی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ترسیل و متفرق اخراجات میں ممکنہ حد تک کمی لائی جائےاورجامع حکمت عملی سے عوام کو ممکنہ ریلیف فراہم کیا جائے۔