وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر وقار مسعود خان نے استعفیٰ دیدیا
وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر وقار مسعود خان اپنے عہدے سے مستعفیٰ ہو گئے-
باغی ٹی وی : تفصیلات کے مطابق وقار مسعود خان نے اپنا استعفیٰ وزیر اعظم عمران خان کو بھجوا دیا ، وزیر اعظم نے اکتوبر 2020 میں ڈاکٹر وقار مسعود خان کو وزیر مملکت کا درجہ دے کر اپنا معاون خصوصی مقرر کیا تھا وزیراعظم ہاؤس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر وقار مسعود کا عہدہ وفاقی وزیر مملکت کے برابر ہو گا۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر مسعود نے معاشیات میں پی ایچ ڈی اور بوسٹن یونیورسٹی میساچوسٹس ، امریکہ سے پولیٹیکل اکانومی میں ماسٹر کی ڈگری حاصل کی ہے اور اکنامکس میں ماسٹر ڈگری کے ساتھ ساتھ کراچی یونیورسٹی سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی ہے۔
عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) پاکستان کا شُکر گزار
ڈاکٹر وقار مسعود نے 2002 میں سیکرٹری کے طور پر پروموشن کے بعد اقتصادی امور ، خزانہ ، پٹرولیم اور ٹیکسٹائل جیسی اہم اقتصادی وزارتوں میں خدمات انجام دیں۔
سابق وفاقی سیکریٹری خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود نے دسمبر 2019 میں کہا تھا کہ مزدوروں کے لیے سب سے بڑا چیلنج سرمایہ داری ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ آج بزنس مین اور سرمایہ دار مکمل طور پر ملکی سیاست پر حاوی ہیں۔
وی ٹرسٹ کے تحت این ایل ایف کی گولڈن جوبلی کے حوالے سے منعقدہ دو روزہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر وقار مسعود نے کہا تھا کہ اب سرمایہ دار خود سیاست دان بن گئے ہیں مزدوروں کو اپنے آپ کو نئے سرے سے منظم کرنا ہوگا اور اب پرانے طریقے کے بجائے نئی سوچ کو جنم دینا پڑے گا۔
ڈاکٹر وقار مسعود کا کہنا تھا کہ آئندہ تین سال میں روایتی کام ختم ہوجائیں گے۔ انہوں نے زور دے کر کہا تھا کہ اب مزدور کی نئی تعریف کرنے اور نئے لیبر قوانین بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ ٹیکنالوجی وقت کی ضرورت ہے اور اس کے بغیر زندگی کا تصور محال ہے۔