وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان آج اقوام عالم کے مابین سر اٹھا کر کھڑا ہوسکتا ہے-
باغی ٹی وی : قوم کو جشن آزادی پر مبارک باد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی عوام کی فلاح، بہبود اور خوشحالی پر توجہ دے رہے ہیں معیشت کی بحالی، کورونا اور ماحولیاتی تحفظ پر ہماری پالیسیوں کو عالمی طور پر پذیرائی ملی ہم نے متحد اور پرامن اور پرعزم قوم کی حیثیت سے کٹھن چیلنجزعبورکیےدرپیش مسائل خطے کی بدلتی صورتحال ہمارے عزم کا امتحان ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہم رکاوٹوں پر قابو پالیں گے اور مضبوط قوم کے طورپر ابھریں گے پاکستان آج اقوام عالم کے مابین سر اٹھا کر کھڑا ہوسکتا ہے ہمیں اپنے کشمیری بہن بھائیوں کونہیں بھولناچاہیے کشمیری نامساعد حالات میں حق خودارادیت کیلئے جدوجہد کررہے ہیں پاکستان کشمیریوں کی بھرپورحمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مغربی سرحدوں پربڑی قربانیاں اور بھاری قیمت چکائی۔ہمیشہ اس بات پر زور دیا کہ افغان مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں افغانستان میں امن و استحکام کے لئے پاکستان سیاسی حل کی حمایت جاری رکھے گا معاشی و سماجی ایجنڈے کی پیروی کیلئے ہم اندرونی اور بیرونی امن چاہتے ہیں پاکستان کو قابل فخر اور خوشحال اور پرامن ملک بنانے میں اپنا کردارادا کریں آج ہمیں ایمان، اتحاد، تنظیم کےعزم کا اعادہ کرنا چاہیے۔
واضح رہے کہ پاکستان کا 75 واں یوم آزادی آج ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں دن کے آغاز پر توپوں کی سلامی دی گئی، اس موقع پر نعرہ تکبیر سے فضا گونج اٹھی۔ نمازِ فجر میں ملکی ترقی، یکجہتی، امن اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
یومِ آزادی پر پرچم کشائی کی مرکزی تقریب آج ایوانِ صدر اسلام آباد میں ہوگی جس میں صدر ڈاکٹر عارف علوی مہمان خصوصی ہوں گےپرچم کشائی کی ایسی ہی تقریبات ملک بھر میں صوبائی ،ڈویژنل اور ضلعی سطح پر بھی ہوں گی۔ قائد اعظم اور علامہ اقبال کے مزاروں پر گارڈ تبدیلی کی تقریبات ہوئیں-
رات 12 بجتے ہی شہریوں نے 14 اگست کو بھرپور طریقے سے خوش آمدید کہا۔ شہر شہر چراغاں اور شاندار آتش بازی کی گئی سرکاری اور نجی عمارتوں اور سڑکوں، بازاروں اور مارکیٹوں میں شاندار چراغاں کیاگیا ہے۔







