وزیراعظم اپنے ہم منصب مہاتیر محمد کی دعوت پر دو روزہ دورے پر ملائیشیا پہنچ گئے۔
باغی ٹی وی : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر اور مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد بھی وزیراعظم کے ہمراہ موجود ہیں۔ ملائیشین وزیر دفاع اور سینیئر حکام نے وزیر اعظم کا استقبال کیا۔ ائرپورٹ پر ہی ملائیشیا کے وزیر دفاع محمد صابو نے ملاقات کی۔
ذرائع کے مطابق دورے کے دوران دونوں وزرائے اعظم کے درمیان معاونین کے بغیر ملاقات ہوگی جس کے بعد وفد کی سطح کے مذاکرات ہوں گے۔وہ اہم معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخطوں کی تقاریب میں شرکت کریں گے اور مشترکہ پریس کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے۔
وزیراعظم عمران خان ملائیشیا کے انسٹی ٹیوٹ آف سٹرٹیجک اینڈ انٹرنیشنل سٹیڈیز کے ایک تھنک ٹینک سے بھی خطاب کریں گے.وزیراعظم نے ملائیشیا جاتے ہوئے بھارت کی فضائی حدود استعمال نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے کی وجہ سے سفر کا دورانیہ چار سے پانچ گھنٹے بڑھ جائے گا۔عمران خان دورہ اپنے ملائیشین ہم منصب مہاتیر محمد کی دعوت پر کررہے ہیں جس میں خطے کی صورتحال، تجارتی معاملات اور پاک ملائیشیا تعلقات میں بہتری کے حوالے سے بات چیت کی جائے گی۔
دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اور مہاتیر محمد میں دوبدو اور وفود کی سطح پر ملاقات ہوگی، اس دوران مختلف معاہدوں اور یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے جب کہ وزیر اعظم تھنک ٹینک سے بھی خطاب کریں گے۔