وزیر اعظم شہباز شریف نے 190 ملین پاؤنڈ (تقریباً 60 ارب روپے) کی لاگت سے تعمیر ہونے والی دانش یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ یہ یونیورسٹی تعلیم کے شعبے میں ایک نیا سنگ میل ثابت ہوگی اور ملک بھر کے طلباء کو جدید اور اعلیٰ تعلیم فراہم کرے گی۔
اسلام آباد میں دانش یونیورسٹی کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ "یہ 190 ملین پاؤنڈ کی رقم قومی خزانے میں واپس لانے پر چیف جسٹس یحییٰ آفریدی اور سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا شکر گزار ہوں۔ ان کی بدولت یہ رقم عوام کی امانت واپس آئی ہے، جو کہ بہت اہم ہے۔”وزیراعظم نے مزید کہا کہ "اس یونیورسٹی میں صرف میرٹ پر داخلہ دیا جائے گا، اور یہاں آنے والے غریب بچوں اور بچیوں کو مفت تعلیم فراہم کی جائے گی۔ یہ یونیورسٹی چاروں صوبوں کے بچوں کو ایک بہتر تعلیمی موقع فراہم کرے گی، اور یہاں کی تعلیم عالمی معیار کی ہوگی۔”
وزیر اعظم نے یونیورسٹی کی خصوصیات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ دانش یونیورسٹی میں بہترین اساتذہ، جدید تدریسی طریقے اور تحقیق کے لیے جدید ترین سینٹرز ہوں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ "یہ یونیورسٹی دنیا بھر میں اپنی ایک منفرد پہچان بنائے گی۔”
وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "یہ منصوبہ 190 ملین پاؤنڈ کی رقم سے بنایا جا رہا ہے جو پاکستانی عوام کی ملکیت تھی۔ بدقسمتی سے پچھلی حکومت نے اس رقم کو عوام سے چھین لیا تھا، لیکن جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے عوام کی امانت کو واپس دلایا۔”احسن اقبال نے کہا کہ "دانش یونیورسٹی ‘اڑان پاکستان’ پروگرام کے لیے ریڑھ کی ہڈی ثابت ہوگی اور اس سے پاکستان کے تعلیمی منظر نامے میں ایک نئی تبدیلی آئے گی۔”
وزیراعظم شہباز شریف نے اس بات کا بھی عہد کیا کہ "14 اگست 2026 تک یونیورسٹی کا پہلا سیکشن مکمل کر لیا جائے گا اور تعلیمی سرگرمیاں شروع ہو جائیں گی۔”