وزیراعظم نے کورنا سے نمٹنے کیلئے 10 نکاتی اقتصادی پلان پیش کر دیا
باغی ٹی وی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس سےغریب ممالک زیادہ متاثر ہوئے اور وہ معیشت کو سنبھالا دینے کے قابل نہیں ہیں، وبا کے خاتمے تک ان کے قرضے موخر کیے جائیں۔
پاکستان کے وزیراعظم نے کہا کہ کورونا وبا دوسری جنگ عظیم کے بعد ایک سنجیدہ مسئلہ ہے اور سے زیادہ غریب ممالک متاثر ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک کورونا سے نمٹنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کریں۔وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں کورونا سے نمٹنے کے لیے دس نکاتی ایجنڈا بھی پیش کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ کورونا پر قابو پانے کے لیے ہمیں مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔ ترقی پذیر ملک ترقی کی شرح میں اضافہ کے لیے فنڈز ادا کریں۔انہوں نے کہا پس ماندہ ملکوں کے قرضے معاف کیے جائیں۔ 5سو ارب ڈالر کا خصوصی فنڈز مختص کیا جائے۔ کم ترقی یافتہ ملکوں کے لیے رعایتی قرضوں کی سہولت دی جائے۔وزیراعظم نے ترقی پذیر ملکوں کے قرضوں کی ری سٹرکچرنگ کا مطالبہ بھی کیا.
غریب ممالک اس سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں، ترقی پذیر ممالک میں 100 ملین افراد غربت کا شکار ہوچکے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں ہماری لاک ڈاؤن کی کامیاب پالیسی رہی، ہماری کوشش نہ صرف عوام کو وائرس سے بچانا تھی بلکہ ان کوبھوک سے بھی محفوظ رکھنا تھی، ہم نے غریبوں کی امداد اور معیشت کے لئے 8 بلین ڈالر کا ریلیف پیکج فراہم کیا جو ہمارے جی ڈی پی کا 3 فیصد تھی، اب تک ہماری پالیسی کامیاب رہی، مگر اب ہمیں پہلے سے بھی زیادہ خطر ناک وائرس کی دوسری لہر کا سامنا ہے، اب ہمیں اپنی معاشی ترقی کو برقرار رکھنے اور بڑھتے ہوئے کیسز کے چیلنج کا سامنا ہے۔
عمران خان نے مزید کہا پاکستان آئی ایم ایف کے پروگرام میں بجٹ خسارہ کو کم کرنے کا پابند ہے، مجھے امید ہے کہ باقی ترقی پذیر ممالک کو بھی اسی مسئلہ کا سامنا ہوگا، بجٹ خسارہ کو کم کرنے اور معیشت کی ترقی کا واحد راستہ مزید مالی وسائل تک رسائی ہے، گزشتہ اپریل میں نے قرضوں میں ریلیف کی اپیل کی تھی، میں شکر گزار ہوں جی 20 ممالک نے مئی میں قرضوں کی ادائیگی کو منسوخ کیا اور اگلے برس جون تک اس میں توسیع دی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی جانب سے قرضوں کی فوری سہولت کو سراہتا ہوں، مگر ان سب سے جو مالی وسائل حاصل ہوئے ہیں وہ ترقی پذیرممالک کو کورونا کے باعث آنے والے معاشی بحران سے نکالنے کے لئے ناکافی ہیں۔
عمران خان نے اقتصادی بحران سے نمٹنے کیلئے 10 نکاتی ایجنڈا پیش کیا۔پہلا: ترقی پذیر اور معاشی دباؤ کے شکار ممالک کے قرضوں کو وبا کے اختتام تک منسوخ کیا جائے۔
دوسرا: غریب ترین ممالک کے قرضوں کو معطل کردیا جائے۔تیسرا: ترقی پذیر ممالک کو دیئے گئے قرضوں کو کثیر الجہتی فریم ورک کی بنیاد پر ری اسٹرکچر کیا جائے۔چوتھا: 500 ارب ڈالر مختص کرنا اور اس کے استعمال کے خصوصی مالی اختیارات دینا۔
پانچواں: کثیر الجہتی ترقیاتی بینکوں کے ذریعہ کم آمدنی والے مملک کو رعایتی مالی سہولت فراہم کرنا۔چھٹا: نئی لیکویڈیٹی فیسیلٹی کا قیام جو کم قیمت پر مختصر مدتی قرضے فراہم کرے۔ساتواں: ترقی کے لئے 0.7 فیصد امداد فراہم کرنے کے وعدوں کو پورا کرنا۔
آٹھواں: پائیدار انفراسٹرکچر کے لئے سالانہ 1.5 ٹریلین ڈالر انویسٹمنٹ کو متحرک کرنا۔نواں: موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے کارروائی کیلئے دنیا بھر سے ایک سو ارب ڈالرز کاہدف حاصل کرنا ہوگا۔
دسواں: ترقی پذیر ممالک سے پیسوں کی غیر قانونی طور پر امیر ممالک اور آف شور محفوظ ٹیکس گاہوں میں منتقلی کو فوری طور پر روکنا اور ساتھ ہی کرپٹ سیاست دانوں اور جرائم پیشہ افراد کے چوری کئے گئے اثاثوں کی فوری واپسی بھی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا میں یقین دلاتا ہوں، اس ایک اقدام سے ترقی پذیر ممالک کو وہ فائدہ ہوگا جو دیگر تمام اقدامات سے نہیں ہوگا۔