وزیراعظم نےوزیراعلیٰ پنجاب کواسلام آبادطلب کرلیا
باغی ٹی وی : وزیراعظم نےوزیراعلیٰ پنجاب کواسلام آبادطلب کرلیا. وزیراعلیٰ عثمان بزدارجہانگیرترین گروپ کےاراکین سےہونےوالی ملاقات پرآگاہ کریں گے.وزیراعلیٰ وزیراعظم کوجہانگیرترین گروپ کےاراکین کےتحفظات سےبھی آگاہ کریں گے.
دو روز قبل وزیراعلیٰ ہاؤس میں وزیراعلیُٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے جہانگیرترین گروپ کے پانچ رکنی وفد نے ملاقات کی تھی ، جس میں سعید اکبرنوانی، نعمان لنگڑیال، نذیر چوہان، اجمل چیمہ اور عمر آفتاب شامل تھے، جہانگیرترین گروپ کے اراکین اسمبلی نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا تھا۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے انہیں تمام تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ آپ کے جائز تحفظات کا ازالہ کیا جائے گا ، میرے دروازے آپ سب کےلیے کھلے ہیں ،وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ہم سب متحد ہیں ، کبھی کسی سے ناانصافی کی ، نہ کریں گے ، انتقام کی سیاست ہمارا شیوہ نہیں،ہماری پارٹی کانام تحریک انصاف ہے اور ہم انصاف کی عملداری پریقین رکھتے ہیں۔
دوران ملاقات جہانگیرترین گروپ کے پارلیمانی لیڈر سعید اکبر نوانی نے کہا کہ آپ کی قیادت پر پورا اعتماد ہے ، آپ ہمارے وزیراعلیٰ ہیں اور آپ کے پاس اپنے ایشوز کے حل کے لیے آئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ہماری جماعت ہے اور اس جماعت سے غیر مشروط وابستگی برقرار رہے گی۔