وزیر اعظم نے لاہور میں وکلا گردی کا نوٹس لے لیا، حکام کو سخت آرڈر جاری

0
77

وزیر اعظم عمران خان نے لاہور میں وکلا گردی کا نوٹس لے لیا، حکام کو سخت آرڈر جاری

باغی ٹی وی وزیراعظم عمران خان نے وکلاء کی جانب سے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) پر حملہ اور توڑ پھوڑ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب اور چیف سیکرٹری سے فوری رپورٹ طلب کرلی ہے۔

ذرائع کے مطابق عمران خان نے لاہور میں مشتعل وکلاء کی جانب سے پی آئی سی پر حملے، ڈاکٹروں اور مریضوں پر تشدد کا سخت نوٹس لیتے ہوئے صوبائی حکومت کو ہدایت کی ہے قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کے مال وجان اور املاک کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔

دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے وکلاء کی جانب سے دل کے اسپتال پر حملے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ ذمہ داران کے خلاف کارروائی ہوگی۔ اسلام آباد میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں لاہور جارہا ہوں اور کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

واضح رہے لاہور میں ڈاکٹرز اور وکلا کے درمیان لڑائی کا معاملہ مزید گر م ہوگیا۔ وکلاء پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا مرکزی دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئے اور ایمرجنسی وارڈ میں گھس گئے۔ وکلاء نے ایمرجنسی وارڈ میں ہلڑ بازی کی اور گاڑیوں کے شیشے توڑ دئیے، نعرے بازی بھی کی۔

وکلا نے ہسپتال پر پتھراؤ کیا جس سے 4 افراد زخمی ہوئے۔ واقعے پر پولیس خاموش رہنے کے بعد حرکت میں آئی اور مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کی شیلنگ کی، لاٹھی چارج بھی کیا۔ وکلا کے توڑ پھوڑ کے باعث ڈاکٹرز نے کام چھوڑ دیا، علاج نہ ہونے پر خاتون دم توڑ گئی۔ متعدد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے پی آئی سی میں وکلا کی ہنگامہ آرائی کا نوٹس لے لیا اور واقعے کی تحقیقات کا حکم دیا۔ عثمان بزدار نے کہا مریضوں کے علاج میں رکاوٹ ڈالنا مجرمانہ اقدام ہے، ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ گورنر پنجاب نے بھی پی آئی سی واقعہ کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کوئی قانون سے بالاتر نہیں۔

وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل اسماعیل شاہ نواز نے بھی وکلا کی ہسپتال میں ہنگامہ آرائی کا نوٹس لیا۔ انہوں نے کہا وکلا کو قانون ہاتھ میں نہیں لینا چاہیے جو بھی وکلا ملوث ہیں، ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔

Leave a reply