وزیراعظم نے لوڈشیڈنگ کی شکایات کا نوٹس لے لیا،اجلاس طلب
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کے مختلف حصوں میں لوڈشیڈنگ کی شکایات کا نوٹس لے لیا۔
باغی ٹی وی : ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے معاملے پرکل دن 12 بجے اجلاس طلب کرلیا ہے، وزیراعظم کو بجلی کی طلب و رسد اور لوڈشیڈنگ سےمتعلق تفصیلی بریفنگ دی جائےگی، اجلاس میں بجلی چوری کے خلاف جاری کارروائیوں پر پیشرفت کا جائزہ بھی لیا جائےگا، اجلاس میں صوبوں میں بجلی کے حوالے سے درپیش مسائل پر بھی بات چیت ہوگی۔
واضح رہے کہ شدید گرم موسم میں ملک کے مختلف شہروں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 18، 18 گھنٹے تک پہنچ گیا، دن ہو یا رات بجلی کی غیراعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ سے بچے، بزرگ، نوجوان اور خواتین سب ہی پریشان ہیں، بجلی نہ ہونے سے مختلف شہروں میں پانی کی فراہمی بھی متاثر ہو رہی ہے، شدید گرمی سے ہیٹ اسٹروک، ڈائریا اور گیسٹرو کے مریضوں میں اضافہ ہورہا ہے، شہریوں کا شکوہ ہے کہ بجلی کے بلوں میں اضافہ اور بجلی کی فراہمی میں کمی آتی جارہی ہے کراچی میں شدید گرمی کےدوران مختلف علاقوں میں بدترین اعلانیہ اور غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ جاری ہے،شہر کے مختلف علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 12 سے 14 گھنٹوں تک پہنچ گیا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف سے اوور سیز کشمیریوں کے وفد کی ملاقات
خیبرپختونخوا کے شہروں چارسدہ اور نوشہرہ میں طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف عوام سڑکوں پر نکل آئے۔ احتجاج کے باعث چارسدہ میں دریائے کابل کے پل پرگاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں جب کہ نوشہرہ میں مظاہرین نے جی ٹی روڈ اور رشکئی موٹر وے انٹر چینج بلاک کر دیا مظاہرین کاکہنا تھا کہ سخت گرمی میں 18،18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔
جیکب آباد میں بھی شہریوں نے بجلی کی لوڈشیڈنگ کےخلاف پریس کلب کےباہر احتجاج کیا، مظاہرین کا کہنا تھا کہ ضلع میں درجہ حرارت 52 ڈگری سینٹی گریڈ تک جارہا ہے، شدید گرمی میں بھی گھنٹوں کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے جینا حرام کر دیا ہے۔