وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر متاثرہ علاقوں میں بحالی کا کام تیز کردیا گیا

0
41

وزیراعظم میاں محمّد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں سڑکوں اور بجلی کی بحالی کا کام ہنگامی بنیادوں پر جاری ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف بحالی کے کاموں کو خود سے مانیٹر کر رہے ہیں، جب کہ اس حوالے سے انہیں روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کی جا رہی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کو پیش کی گئی تازہ رپورٹ کے مطابق گوادر سے رتوڈیرو موٹروے ایم 8 کے آپریشنل سیکشنز ٹریفک کیلئے بحال کردیئے گئے ہیں، جب کہ ایم 8 وانگو ہلز کے مقام سے لینڈ سلائڈنگ کلئیر کر دی گئی ہے۔

خیبر پختونخوا میں تیمر گرہ – باجوڑ 132 کے وی ٹرانسمیشن لائن بحال کردی گئی ہے، جب کہ باجوڑ اور منڈا گرڈ اسٹیشنز پر معمول کے آپریشنز بحال بھی کردیئے گئے ہیں۔ دوسری جانب بھان سعیدآباد کو متبادل ذریعہ سے بجلی سپلائی کی جا رہی ہے۔ وارا کے قصبے کو قمبر گرڈ اسٹیشن سے بجلی سپلائی دی جانے لگی۔ واضح رہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور پاور ڈویژن بحالی کے کاموں پر دن رات معمور ہیں.

دوسری جانب وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس آج بروز منگل 13 ستمبر کو اسلام آباد میں ہوگا۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں چھ نکاتی ایجنڈا زیر غور آئے گا۔ اجلاس میں سیلاب کی صورت حال ، امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا جائے گا۔

ایجنڈے کے مطابق حج کوٹہ سے اضافی بکنگ پر تحقیقات سے متعلق فیصلہ ہوگا، جب کہ اس کے علاوہ دس ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کی تجاویزکابینہ میں پیش ہونگی۔ اجلاس میں الیکٹرک پنکھوں کی کم سے کم بجلی کی لاگت کا معیارمقررکرنے کی سمری پیش ہوگی۔ اس کے علاوہ کابینہ کی کمیٹی برائے قانون سازی کے 2 ستمبرکے فیصلوں کی توثیق ایجنڈا میں شامل ہے۔ کابینہ کی کمیٹی برائے نجکاری کے 7 ستمبرکے فیصلوں کی توثیق اور کابینہ کمیٹی برائے ای سی سی کے 8 ستمبرکے فیصلوں کی توثیق ایجنڈ ے میں شامل ہے۔

Leave a reply