مینار پاکستان پر دس جلسے کرلیں حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑے گا، وزیرا عظم نے ایسا کیوں‌ کہا

0
94

مینار پاکستان پر دس جلسے کرلیں، حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑے گا، وزیرا عظم نے ایسا کیوں‌ کہا

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مینار پاکستان پر دس جلسے کرلیں، حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

باغی ٹی وی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی و پارٹی ترجمان کا اجلاس ہوا، اجلاس میں کورونا وائرس کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی جبکہ موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ مجھے جانتے نہیں، میری حکومت بھی چلی جائے تو احتساب پر سمجھوتہ نہیں کروں گا، اپوزیشن کرپشن بچانے کے لیے اب عوام کی زندگیاں خطرے میں ڈال رہی ہے.

لیگی قائد کی طرف اشارہ کر کے عمران خان نے کہا کہ خود ان کا سارا خاندان باہر بیٹھا ہے، یہاں عوام کو اپنے لیے استعمال کررہے ہیں۔ مینار پاکستان پر دس جلسے کرلیں، حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑے گا، ہمیں عوام کی فکر ہے۔
اجلاس میں لاہور میں سرکاری زمینوں پر قبضے کے خلاف جاری آپریشن پر بھی گفتگو ہوئی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ سرکاری زمینوں پر قبضے کرنے والوں سے کوئی رعایت نہ برتی جائے۔ قبضہ مافیا کے خلاف ایکشن ملک بھر میں تیز کریں گے۔ ہر جگہ قبضہ مافیا کے پیچھے سیاسی لوگوں کا ہاتھ ہے۔ان کو خوف ہے کہ حکومت چلتی رہی تو ان کے کارنامے سامنے آتے رہیں گے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ سارے مل کر زور لگا رہے ہیں کہ حکومت چلی جائے اور ان کی چوری بچ جائے۔ کسی سیاسی یا قبضہ مافیا کو این آر او نہیں ملے گا۔ اجلاس میں کورونا وائرس کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی اور موجودہ سیاسی صورت حال پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کی فٹ بال کک اور جوڈو کراٹے کے مظاہرے کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ دنوں میں نے دیکھا ہے کہ فردوس پنجاب جاکر بہت متحرک ہو گئی ہیں۔ تحریک انصاف کے لوگوں کو اسی جنون کی ضرورت ہے۔

Leave a reply