وزیر اعظم شہباز شریف کا ناروے ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ
وزیراعظم شہبازشریف نے ناروے کے وزیر اعظم جونس گیہرسٹور سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے فلسطین کو ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کے ناروے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا جبکہ شہبازشریف نے اپنے ناروے کے ہم منصب کودورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہاہےکہ ناروے ،سپین اور آئر لینڈ کافلسطین کو تسلیم کرنے کا فیصلہ دیگر ممالک کو پیروی کی ترغیب دے گا ۔ عوامی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام میں ناروے کے وزیراعظم سے ٹیلیفونک گفتگو کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نےکہاکہ اسرائیلی فوجی جارحیت کے تناظر میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا ناروے کا فیصلہ قابل تعریف ہے۔ گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے عالمی عدالت انصاف کے حالیہ فیصلے کاخیر مقدم کیا اور کہاکہ عدالتی فیصلے میں اسرائیل کو غزہ اور رفح میں گھناؤنے اقدامات روکنے کا حکم دیا گیاہے ۔ انہوں نےکہاکہ مشرق وسطیٰ میں دیر پا امن کیلئے اقوام متحدہ کی حمایت میں 2 ریاستی حل بہترین راستہ ہے۔محمد شہباز شریف نے امید ظاہر کی کہ عالمی برادری بے گناہ کشمیریوں کی حالت زار پر بھی اسی طرح توجہ دے گی جو 76 سال سے بھارت کے وحشیانہ تسلط اور جبر کا سامنا کر رہے ہیں۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہاکہ ناروے کے وزیراعظم جونس گار ستورا سے دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر بھی بات ہوئی۔ محمد شہباز شریف نےکہاکہ ناروے میں مقیم پاکستانیوں کی تعریف کرنے پر ناروے کے وزیر اعظم کا مشکور ہوں۔اس موقع پر وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ناروے کے وزیر اعظم کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی ۔