وزیراعظم شہباز شریف نے لندن میں برطانیہ کے شاہ چارلس سوم اور وزیر اعظم رشی سونک سے ملاقات کی ہے اور یہ ملاقات دولت مشترکہ کے رہنماؤں کے اجلاس کے موقع پر ہوئی ہے۔ وزیراعظم نے برطانوی بادشاہ کی تاج پوشی کی تقریب کے شاندار انتظامات پر مبارک باد دی جبکہ انہوں نے پاکستان میں تباہ کن سیلاب میں برطانیہ کی مدد کو سراہا اور شکریہ ادا کیا۔
Prime Minister Muhammad Shehbaz Sharif meets British Prime Minister Rishi Sunak on the sidelines of a meeting of the leaders of Commonwealth countries. pic.twitter.com/xTgplf2qTF
— PMLN (@pmln_org) May 5, 2023
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور برطانیہ کو مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔ جبکہ اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے تعلقات بڑھانے کے لیے مشترکہ کمیشن کے قیام کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ کمیشن کی سربراہی دونوں ممالک کے سربراہان کریں۔
خیال رہے کہ برطانوی بادشاہ چارلس (سوم) کی تاجپوشی کی شاہی تقریب کل ویسٹ منسٹر ایبے میں ہوگی جبکہ برطانوی میڈیا کے مطابق تقریب تاجپوشی میں شرکت کیلئے بادشاہ چارلس کا قافلہ صبح برطانوی وقت کے مطابق 10 بج کر 20 منٹ پر بکھنگم پیلس سے ویسٹ منسٹرایبے کیلئے روانہ ہوگا۔ بادشاہ چارلس اور ملکہ کمیلا پارکر ڈائمنڈ جوبلی سٹیٹ کوچ میں سوار ہوں گے، جسے چھ ونڈسر گرے گھوڑے کھینچیں گے، اسٹیٹ کوچ کے گرد بادشاہ کے محافظ موجود ہوں گے۔
بادشاہ چارلس کا قافلہ بکھنگم پیلس سے 2 کلو میٹر کا فاصلہ طے کر کے صبح 11 بجے ویسٹ منسٹر ایبے پہنچے گا۔ صبح گیارہ بجے ویسٹ منسٹر ایبے میں تقریب تاجپوشی کا آغاز ہوگا، بادشاہ چارلس کو دن 12 بجے تاج پہنایا جائے گا۔ برطانوی بادشاہ چالس کی تاجپوشی کے بعد چرچ آف انگلینڈ کے پادریوں اور کینٹربری کے آرچ بشپ جسٹن ویلبی کی قیادت میں چرچ سروس ہوگی جو ایک بجے تک جاری رہے گی۔








