وزیراعظم کا آرمی چیف سے رابطہ،لاپتہ ہیلی کاپٹر سے متعلق تازہ ترین معلومات حاصل کیں

وزیراعظم شہباز شریف نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو ٹیلی فون کیا ہے
وزیراعظم نے آرمی ایوی ایشن کے لاپتہ ہیلی کاپٹر سے متعلق تازہ ترین معلومات حاصل کیں وزیراعظم شہباز شریف نے 12 کور کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت 6 افسران کی سلامتی سے متعلق اظہار تشویش کیا ،وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی بہترین پروفیشنل اور اچھے انسان ہیں دعاگو ہوں کہ ہیلی کاپٹر میں سوار تمام لوگ بحفاظت ہوں،وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے اپیل کی کہ وطن کے بہادر بیٹوں کی بحفاظت واپسی کے لیے خصوصی دعا کریں،سیلاب زدگان کی مدد کرنے والے فرض شناس بیٹے خدمت کی اعلی ٰمثال بن کر سامنے آئے ہیں،یہ ہے اپنے بھائیوں بہنوں، بچوں کی خدمت کا وہ عظیم جذبہ جو پاکستان کی حقیقی طاقت ہے
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گزشتہ شب سے جاری تلاش کی کارروائیوں سے متعلق وزیراعظم شہباز شریف کو آگاہ کیا
واضح رہے کہ گزشتہ روز ہیلی کاپٹر بارے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے ٹویٹ کیا جس میں انہوں نے بتایا ہے کہ پاک فوج کا ایوی ایشن ہیلی کاپٹربلوچستان کے علاقہ لسبیلہ میں فلڈ ریلیف آپریشن کے دوران لاپتہ ہو گیا ہے.ہیلی کاپٹر میں کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت 6 افسر سوار تھے،آئی ایس پی آر کے مطابق ہیلی کاپٹر کا ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق ہیلی کاپٹر ریلیف آپریشن کی نگرانی کر رہا تھا ،ہیلی کاپٹر کو تلاش کرنے کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے ،پاک فوج کے 12 کور کے کور کمانڈر لیفٹنٹ جنرل سرفراز علی اپنے چار ہائی کمان رینک آفیسرز کے ساتھ تھے اوتھل لسبیلہ سے ہیلی نے پرواز بھری اسے فیصل بیس کراچی اترنا تھا
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان سے آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر کی گمشدگی تشویشناک ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیراعظم نے کہا ہے کہ پوری قوم اللہ تعالیٰ کے حضور سیلاب متاثرین کی مدد پر نکلنے والے وطن کے ان بیٹوں کی سلامتی، حفاظت اور بخیریت واپسی کے لئے دعا گو ہے۔ ان شاءاللہ
دوسری جانب خضدار پولیس نے کورکمانڈر کوئٹہ کے ہیلی کاپٹر کا ملبہ ملنے کی تصدیق کردی ہے، نجی ٹی وی کے مطابق
ڈی آئی جی خضدار نے آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر کا ملبہ ملنے کی تصدیق کی اور کہا کہ ہیلی کاپٹر کا ملبہ سسی پنوں مزار کے قریب موسیٰ گوٹھ سے ملا ہے ہیلی کاپٹر کا ملبہ کراچی سے 45 کلو میٹر دورعلاقے سے ملا ہے جو موسیٰ گوٹھ کے قریب درے گئی پہاڑی سلسلہ ہے