وزیراعظم عمران خان کے دورہ سری لنکا سے قبل سری لنکن وزیراعظم کا اہم پیغام

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سری لنکا کے وزیراعظم مہندا راجا پاکسے نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ پاکستان کے حوالے سے ٹویٹر پر شاندار پیغام جاری کیا ہے

سری لنکن وزیراعظم مہندا راجا پاکسے نے ٹویٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان اور ان کے وفد کو خوش آمدید کہنے کا انتظار کر رہا ہوں جو آئندہ ہفتے سری لنکا کے دورے پر آ رہے ہیں ، ان کے دورے سے ہمارے تعلقات کو مزید تقویت ملے گی جبکہ مشترکہ منصوبوں کی راہ ہموار ہو گی جس سے دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ پہنچے گا ۔

یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان 23 فروری کو دورہ سری لنکا پر روانہ ہوں گے دو روزہ دورے کے دوران وہ سری لنکن وزیراعظم اور دیگر اہم شخصیات سے ملاقاتیں بھی کریں گے ۔وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ ان کا سری لنکا کا پہلا دورہ ہو گا جس میں اعلیٰ سطح کا وفد بھی ان کے ہمراہ ہوگا، وفد میں کابینہ کے ارکان اور سینئر حکام شامل ہوں گے۔

دفتر خارجہ سے جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق اس دورے میں وزیراعظم عمران خان سری لنکا کے صدر گوٹابایا راجہ پاکسے اور وزیراعظم ماہندہ راجہ پاکسےسے ملاقاتیں کریں گے۔ وہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری، صحت و تعلیم، دفاع و سلامتی اور سیاحت و ثقافت سمیت تمام شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لئے وفود کی سطح پر مذاکرات کی بھی قیادت کریں گے۔

اس دوران دو طرفہ امور کے ساتھ ساتھ اہم علاقائی اور بین الاقوامی معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ وزیراعظم کے دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی وفود کے تبادلہ کو فروغ دینے کے سلسلے میں سری لنکا۔پاکستان پارلیمنٹیری فرینڈشپ ایسوسی ایشن کی تشکیل نو کا اعلان بھی کیا جائے گا۔

وزیراعظم دونوں ممالک کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے سلسلے میں مشترکہ ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ اس دوران دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لئے متعدد مفاہمت کی یادداشت پر دستخط بھی کئے جائیں گے۔ وزیراعظم عمران خان کے دورے سے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تاریخی تعلقات کو مزید تقویت ملے گی اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ حاصل ہوگا

Shares: