اترپردیش:مسجد میں اجتماعی نماز پڑھنے پر 15 لوگ گرفتار،اطلاعات کے مطابق اترپردیش میں سہارنپور کے ناگل علاقہ میں ایک مسجد میں جماعت سے نماز پڑھنے کے الزام میں 15 لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔

سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ دنیش کمار نے بتایا کہ لاک ڈاؤن کے سبب کچھ لوگ اماہی گاؤں کی ایک مسجد میں نماز پڑ ھ رہے تھے۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے مسجد سے پندرہ لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گرفتار لوگوں کے خلاف لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کے الزام میں مختلف دفعات کے تحت معاملے درج کیے گئے ہیں۔

سہارنپور کے ایس پی دیہات ودیا ساگر مشرا نے کہا کہ پورے ضلع میں سبھی کو آگاہ کیا ہوا ہے کہ مسجد میں کوئی بھی اجتماعی نماز ادا نہیں کرے گا کیوںکہ اس سے سماجی فاصلہ برقرار نہیں رہتا اور انفیکشن پھیلنے کا خطرہ ہے۔ مشرا نے کہا کہ تھانہ ناگل میں اطلاع ملی تھی کہ یہاں کے اماہی گاؤں میں جمعہ کی نماز اجتماعی طور پر ادا کی جا رہی ہے۔

اس کے بعد وہاں پولیس پہنچی اور 15 افراد کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کچھ لوگ پولیس کے پہنچے سے پہلے ہی فرار ہو گئے تھے، ان کی شناخت کرائی جا رہی ہے

Shares: