ممبئی: بھارتی اداکارہ و ماڈل یامی گوتم کو جمعہ کے روز انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے غیر ملکی تبادلہ انتظامیہ ایکٹ (ایف ای ایم اے) کی خلاف ورزی کے مبینہ معاملے میں پوچھ گچھ کے لئے طلب کیا ہے۔

باغی ٹی وی : بھارتی خبر رساں ادارے ہندوستان ٹائمز کے مطابق انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے ممبئی یونٹ نے اداکارہ یامی گوتم کو فارن ایکسچینج مینجمنٹ ایکٹ (فیما) کی خلاف ورزی کرنے پر طلب کرلیا ہے، اداکارہ کو طلبی کا نوٹس جاری کرتے ہوئے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 7 جولائی کو یونٹ کے سامنے پیش ہوکر اپنا بیان ریکارڈ کروائیں۔

رپورٹس کے مطابق ای ڈی کے ایک سینئر حکام نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ یامی گوتم کے بینک اکاؤنٹ سے ڈیڑھ کروڑ روپے کی مشکوک ٹرانسزیکشن کی گئی ہے، یامی گوتم نے حکام کو نہیں بتایا تاہم ای ڈی کے خودکار نظام نے اس ٹرانسزیکشن کا سراغ لگا لیا۔ سینئر حکام کے مطابق تحقیقات میں اس بات کا بھی انکشاف ہوا ہے کہ یامی گوتم کا بینک اکاؤنٹ دیگر مشکوک اکاؤنٹس سے منسلک ہے۔

واضح رہے کہ یہ دوسرا موقع ہے جب حال ہی میں آدتیہ دھر سے شادی کرنے والی یامی گوتم کو وفاقی ایجنسی نے طلب کیا ہے۔ پہلا سمن انہیں گذشتہ سال جاری کیا گیا تھا ، لیکن وہ کورونا وائرس وبائی امراض کے دوران پابندیوں کی وجہ سے ای ڈی آفس کا دورہ کرنے میں ناکام رہیں –

خیال رہے کہ یامی گوتم نے ’کابل‘، ’صنم رے‘ اور ’بالا‘ جیسی سپر ہٹ فلموں میں کام کیا ہے۔

Shares: