جامشورو:پولیس موبائل میں لائی جانے والی 65 کلو چرس پکڑی گئی ،اطلاعات کے مطابق سی آئی اے جامشورو کی پولیس موبائل میں کراچی لائی جانے والی 65 کلو چرس پکڑی گئی، واقعے میں ملوث 5 اہل کاروں کو حراست میں لے لیا گیا۔
ایس ایس پی جامشورو جاوید بلوچ کے مطابق سی آئی اے پولیس جامشورو کی موبائل کے گزشتہ روز کراچی میں 65 کلو چرس سمیت پکڑے جانے پر انچارج سی آئی اے کا دعوٰی ہے کہ چرس جانچ کے لیے بھیجی گئی تھی تاہم سی آئی اے پولیس سینٹر میں چرس سمیت موبائل اور عملے سے متعلق روانگی کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں ہے ۔
ایس ایس پی کے مطابق سی آئی اے جامشورو کے انچارج سرور ہالیپوٹہ سمیت 38 سی آئی اے کے اہلکاروں کو معطل کرکے سی آئی اے سینٹر سیل کردیا گیا جب کہ 5 اہلکاروں کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تحقیقات کے لیے دو ڈی ایس پیز سمیت 7 افسران پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو سی آئی اے سینٹر کے ریکارڈ اورضبط کی گئی منشیات سمیت دیگر مسروقہ سامان کی چھان بین کرے گی۔