پولیس سینئر کمانڈ کانفرنس،آئی جی پنجاب نے سخت احکامات جاری کر دیے

0
40

آئی جی پنجاب کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں پولیس سینئر کمانڈ کانفرنس،عوام دوست پولیسنگ اور بھرپور انسدادی کاروائیوں سےمعاشرے میں احساس تحفظ کی فضا کو فروغ دیا جائے۔
غلط ایف آئی آر درج کروانے والوں کے خلاف دفعہ182کے تحت کاروائی میں ہرگز تاخیرنہ کی جائے۔پولیس حراست میں تشدد، ہلاکت، کرپشن اور اختیارات سے تجاوز پر زیرو ٹالرینس کے تحت کاروائی یقینی بنائی جائے۔آئی جی پنجاب

تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی نے کہاہے کہ معاشرے میں قانون کی بالادستی کو برقرار رکھتے ہوئے جرائم پیشہ عناصر کا قلع قمع اور شہریوں کو بہترین سروس ڈلیوری کی باآسانی فراہمی پنجاب پولیس کا نصب العین ہے لہذا تمام کمانڈ افسران بھرپور انسدادی کاروائیوں کے ساتھ ساتھ عوام دوست پولیسنگ سے معاشرے میں احساس تحفظ کی فضا کو فروغ دیں۔

انہوں نے مزیدکہاکہ ملزمان کو غیر قانونی حراست میں رکھنے والے افسران واہلکارکسی رعائیت کے مستحق نہیں کیونکہ ان چند کالی بھیڑوں کی وجہ سے پوری فورس کو تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے چنانچہ تمام افسران پولیس حراست میں تشدد سے ہلاکت کے ذمہ داران کے خلاف محکمانہ اور قانونی کاروائی میں ہر گز تاخیر نہ کریں بصورت دیگر انہیں بھی جواب دہ ہونا پڑے گا۔

انہوں نے مزیدکہاکہ شہریوں کی شکایات پرایف آئی آر کے بروقت اندراج کیلئے ایس پی کمپلینٹس اپنا کردار مزید موثر طور پر ادا کریں جبکہ غلط ایف آئی آر درج کروانے اور جھوٹی درخواستیں دینے والوں کے خلاف دفعہ182کے تحت کاروائی میں ہرگز تاخیرنہ کی جائے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ بچوں اور خواتین کے ساتھ پیش آنے والے جرائم بالخصوص زیادتی کے واقعات کا خاتمہ میری اولین ترجیحات میں شامل ہے لہذا ایسے جرائم میں ملوث ملزمان کو سخت سے سخت سزا دلوانے کیلئے فارنزک سائنس اورجیو فینسنگ سے بھرپورہ استفادہ کیا جائے۔

انہوں نے مزیدکہاکہ حکومت کی جانب سے ملنے والی نئی گاڑیوں کو تھانوں میں صرف آپریشنل ڈیوٹیوں کیلئے استعمال کیا جائے جبکہ سخت معاشی حالات میں حکومت پنجاب کی جانب سے نئی گاڑیوں سمیت دیگر وسائل کی فراہمی کے بدلے ہمیں اپنی کارکردگی کو بہتر سے بہتر بنا کر جرائم کی بیخ کنی اور حکومت کی رٹ کو مضبوط سے مضبوط بنانا ہے۔ انہوں نے تاکید کی کہ نومبر کے آخر تک لاہو رپولیس کی طرز پر صوبے بھر میں ڈرائیونگ لائسنس کے ڈیجیٹل روڈ سائن ٹیسٹ کے اجراء کو یقینی بنایا جائے تاکہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے نہ صرف شہری پوری طرح مستفید ہو بلکہ شفافیت اور میرٹ کی پاسداری کا عمل مزید مستحکم ہوسکے۔

انہوں نے مزید کہاکہ شہریوں کے ساتھ بہتر رویہ، فرائض منصبی کی بہترین ادائیگی اور پبلک سروس ڈلیوری کو بہتر بنا کر ہی پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کی فضا مزید بہتر ہوسکتی ہے لہذا تمام افسران اپنے ماتحت اہلکاروں کو پبلک ڈیلنگ کے حوالے سے خصوصی بریفنگ دیں تاکہ وہ دوران ڈیوٹی اپنے فرائض منصبی بہتر سے بہتر انداز میں ادا کر کے شہریوں کے دل جیت سکیں۔انہوں نے مزیدکہاکہ تمام اضلاع کی پولیس لائنز میں اہلکاروں کی فائرنگ پریکٹس کے باقاعدگی سے انعقاد کو ہر صورت یقینی بنایاجائے تاکہ ایمرجنسی کی صورت میں اہلکار زیادہ بہتر پرفارمنس کا مظاہرہ کرسکیں۔ انہوں نے مزیدکہاکہ دھاتی ڈورو پتنگوں کی تیاری، خریدو فروخت اور استعمال میں ملوث ملزمان کسی رعائیت کے مستحق نہیں لہذا تمام سرکل افسران اپنے زیر انتظام علاقوں میں پتنگ اڑانے والوں قانون شکنوں کے خلاف کاروائیوں میں مزیدتیزی لائیں اورموثر حکمت عملی کے تحت اس خطرناک کھیل میں ملوث قانون شکن عناصر کو جلد از جلد پابند سلاسل کروائیں تاکہ شہریوں کی قیمتی جانوں کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیاجاسکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبے کے تمام اضلاع میں غیر قانونی اور بغیر لائسنس اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں مزید تیزی لائی جائے اور متعلقہ اداروں کے ساتھ کلوز کوارڈی نیشن سے وارداتوں میں استعمال ہونے والے لائسنسی اسلحے کے لائسنس کو معطل کروانے کیلئے اقدامات میں مزید تیزی لائی جائے۔انہوں نے تاکید کی کہ صوبہ بھر میں اشتہاری ملزمان، عدالتی مفروروں اور سماج دشمن عناصر کے خلاف کاروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے اور بڑے بدمعاشوں اور منشیات فروشوں کی گرفتاری کیلئے ڈی پی اوز کریک ڈاؤن کی خود نگرانی کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں پولیس سینئر کمانڈ کانفرنس کی صدارت کے دوران ہدایات جاری کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر تمام ایڈیشنل آئی جیز، صوبے کے تمام آر پی اوز، سی پی اوز،ڈی پی اوزاور اے آئی جیز سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

کانفرنس کے دوران آئی جی پنجاب نے ہدایات دیتے ہوئے کہاکہ فری رجسٹریشن آف کرائم کو یقینی بناتے ہوئے جرائم کنٹرول اور مقدمات کو ورک آؤٹ کرنے کی شرح کو بہتر سے بہتر کیا جائے جبکہ سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کو پابند سلاسل کرنے کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مزید تیزی لائی جائے۔

انہوں نے مزیدکہا کہ منشیات فروشی کے مکروہ دھندے میں ملوث مجرمان معاشرے کا ناسور ہیں جنہیں جڑ سے اکھاڑکر کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے انفارمیشن بیسڈ انٹیلی جنس آپریشنز کو جاری رکھا جائے اور بڑے مگرمچھوں کے ساتھ ساتھ چھوٹے ڈیلرز کے صفایا کو بھی یقینی بنایاجائے۔ انہوں نے تاکید کی کہ لاؤڈ اسپیکر ایکٹ، وال چاکنگ اور نفرت انگیز موادکی نشر و اشاعت کے خلاف کاروائی میں قطعی رعائیت نہ برتی جائے اور نیشنل ایکشن پلان کے تحت انسدادی کاروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے ۔انہوں نے مزیدکہاکہ تھانوں، فیلڈ اور دیگر مقامات پر فرائض سر انجام دینے والے افسران واہلکار کورونا وباء سے خود کو محفوظ رکھنے کیلئے احتیاطی تدابیر اور ایس او پیز پر عمل درآمد ہر صورت یقینی بنائیں تاکہ وہ خود اس مرض سے محفوظ رہ کر شہریوں کی خدمت اور حفاظت کے فرائض سر انجام دے سکیں

Leave a reply