عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے عمر اور صحت کے مسائل کی وجہ سے عہدہ چھوڑنےکا اشارہ دے دیا۔
باغی ٹی وی : کینیڈا سے واپسی پر 85 سالہ پوپ فرانسس کا کہنا تھاکہ توانائی محفوظ رکھناچاہتا ہوں تاکہ چرچ کی خدمت کر سکوں، عمرکی وجہ سے عہدہ چھوڑنے سے متعلق سوچنا ہوگا پوپ فرانسس نے مزید کہا کہ ماضی کی طرح اب سفر ممکن نہیں رہا، پوپ کو تبدیل کیا جا سکتا ہے۔
یاد رہے کہ پوپ فرانسس سے پہلے پوپ بینیڈکٹ بھی اپنے عہدے سے مستعفی ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ رومن کیتھولک کے روحانی پیشوا پوپ فرانسیس حال ہی میں کینیڈا کے پانچ روزہ دورے پر مغربی صوبہ البرٹا کے شہر ایڈمنٹن میں پہنچے تھے کیتھولک چرچ کے زیر انتظام رہائشی اسکولوں میں کئی دہائیوں کے دوران ہونے والی زیادتیوں سے بچ جانے والے مقامی لوگوں سے ذاتی طور پر معافی مانگی-
کینیڈا میں چرچ سے متصل نام نہاد رہائشی اسکولوں میں گذشتہ برسوں کےدوران میں تعلیم حاصل کرنےوالےمقامی بچّوں کے ساتھ پادریوں کی بدسلوکی کے واقعات کی پریشان اطلاعات سامنے آتی رہی ہیں اور مقامی لوگ ان غلط کاریوں پررومن کتھولک چرچ سے معافی کا مطالبہ کررہے تھے-
1800 کی دہائی کے آخر سے 1990 کی دہائی تک، کینیڈا کی حکومت نے تقریباً 150,000 فرسٹ نیشنز، میٹیس اور انوئٹ بچوں کو چرچ کے زیر انتظام 139 رہائشی اسکولوں میں بھیجا، جہاں وہ اپنے خاندان، زبان اور ثقافت سے کٹ کر رہ گئے۔
ہیڈ ماسٹرز اور اساتذہ کی طرف سے بہت سے لوگوں کو جسمانی اور جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا خیال کیا جاتا ہے کہ ہزاروں بچے بیماری، غذائیت کی کمی یا غفلت کی وجہ سے ہلاک ہوئے ہیں مئی 2021 سے، سابقہ اسکولوں کے مقامات پر 1,300 سے زیادہ غیر نشان زدہ قبریں دریافت ہوئی ہیں۔