ڈی جی خان،ایم ڈی کیٹ انٹری ٹیسٹ میں 615 طلباء اور 1,218 طالبات کی شرکت

ڈیرہ غازی خان باغی ٹی وی نیوز (رپورٹر شاہد خان) ڈیرہ غازی خان میں میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں داخلے کے لیے ایم ڈی کیٹ انٹری ٹیسٹ منظم، شفاف اور پُرامن ماحول میں منعقد ہوا۔ ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان خالد نے کامیاب انعقاد پر انتظامات میں شریک تمام اداروں اور افسران کو شاباش دی۔ٹیسٹ میں 615 طلباء اور 1,218 طالبات نے شرکت کی۔
ڈیرہ غازی خان میں ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے لیے بوائز سنٹر آف ایکسیلنس اور ڈویژنل پبلک سکول اینڈ کالج میں دو امتحانی مراکز قائم کئے گئے تھے۔ ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے ڈی پی او صادق بلوچ اور متعلقہ افسران کے ہمراہ دونوں امتحانی مراکز کا دورہ کیا اور امتحانی انتظامات، طلبہ و طالبات کو فراہم کیے گئے سہولیات، سکیورٹی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔انتظامیہ کی جانب سے امید واروں اور ان کے ہمراہ آنے والے والدین کے لئے بیٹھنے، پارکنگ، سکیورٹی،میڈیکل کمیپس اور رہنمائی کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔ امتحانی مراکز کی سول ڈیفنس، بم ڈسپوزل سکواڈ اور دیگر متعلقہ اداروں کے ذریعے سرچنگ اور سکیورٹی کلیئرنس بھی یقینی بنائی گئی۔
امید واروں اور والدین کی رہنمائی کے لیے امتحانی مراکز تک پہنچنے والے راستوں پر بینرز اور فلیکس آویزاں کیے گئے جبکہ ٹھنڈے پانی سمیت میڈیکل اور دیگر ضروری سہولیات بھی فراہم کی گئیں۔ طلبہ و طالبات کی رہنمائی کے لیے معلوماتی کیمپس بھی قائم کیے گئے تھےاس موقع پر بتایا گیا کہ ڈیرہ غازی خان، راجن پور اور مظفرگڑھ اضلاع سے تعلق رکھنے والے مجموعی طور پر 1,855 امید واروں نے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے لیے رجسٹریشن کرائی، جن میں 615 طلباء اور 1,240 طالبات شامل تھیں تاہم امتحانی عمل میں رجسٹرڈ 19 طلباء اور 22 طالبات غیر حاضر رہیں۔
ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے کہا کہ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ طلبہ و طالبات کے مستقبل کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اس لیے امید واروں کو پُرسکون، سازگار اور محفوظ امتحانی ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح رہی۔ انہوں نے کہا کہ امتحان کے دوران سکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ، پارکنگ، پینے کے پانی اور رہنمائی سمیت تمام ضروری انتظامات مؤثر انداز میں یقینی بنائے گئے۔انہوں نے کہا کہ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے کامیاب انعقاد میں تمام متعلقہ اداروں نے باہمی رابطے اور ٹیم ورک کے ساتھ فرائض انجام دیے جس پر انتظامات میں شریک افسران اور اہلکار خراجِ تحسین کے مستحق ہیں
مزید پڑھیں





