کراچی،سی ٹی ڈی کی کاروائیاں، بی ایل اے اور ٹی ٹی پی کے 3 دہشت گرد گرفتار
کراچی: کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کراچی میں الگ الگ کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے تعلق رکھنے والے 3 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان میں بی ایل اے کے 2 دہشت گرد رحیم فضل ولد فضل محمود اور بلوچ بلوچ ولد رسول بخش شامل ہیں، جنہیں گلستان جوہر کے بلاک 7 میں مین یونیورسٹی روڈ کے قریب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران گرفتار کیا گیا۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق دونوں ملزمان اپنے تنظیمی کمانڈر سے رابطے میں تھے اور کراچی میں حساس تنصیبات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دفاتر کو دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) اور دستی بم سے نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ابتدائی معلومات کے مطابق گرفتار ملزمان بلوچستان میں ٹارگٹ کلنگ، اغوا اور سکیورٹی فورسز پر حملوں میں بھی ملوث رہے ہیں، جبکہ انہوں نے افغانستان میں اسلحہ چلانے کی تربیت بھی حاصل کی تھی۔
دوسری کارروائی میں سی ٹی ڈی کی ٹیم نے گل بائی چوک کے پل کے نیچے سے ٹی ٹی پی کے مبینہ دہشت گرد شاہ نور رحمان خان ولد اختر عالم کو گرفتار کیا۔ملزم کے قبضے سے 30 بور پستول، لوڈڈ میگزین اور 5 گولیاں برآمد ہوئیں۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے انکشاف کیا کہ وہ اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ وزیرستان میں سکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث رہا ہے۔تحقیقات کے مطابق ملزم اپنے تنظیمی کمانڈر کی ہدایت پر کراچی آیا تھا، جہاں اسے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دفاتر کی ریکی کرنے اور ان پر حملوں کی منصوبہ بندی کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔
حکام کے مطابق کارروائیوں کے دوران بی ایل اے سے تعلق رکھنے والے ملزمان کے قبضے سے تیار شدہ دیسی ساختہ بم اور دستی بم بھی برآمد کیے گئے۔ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔





