جمعرات، 12 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

ڈگری یا ہنر،تحریر: عائشہ گُل

نقطہ نظر
ayeshagul

رکو! ذرا ٹھہر کر یہ بتاؤ، تم آخر تلاش کیا کر رہی ہو؟ کوئی کھویا ہوا خزانہ؟ کوئی بھولا ہوا خواب؟ یا وہ سنہرا زمانہ جو کبھی ہمارا تھا، مگر آج صرف یادوں میں رہ گیا ہے؟ آج کی اس خاموش رات میں جب ماضی کی گلیاں بلاتی ہیں، تو دل چاہتا ہے کہ روداد گردانی کریں، اور جان سکیں کہ آخر جو کہیں کھو گیا ہے، وہ کہاں ملے گا؟ کس موڑ پر، کس دہلیز پر چھوٹا ہے؟ وہی زمانہ، آج سے بیس برس پہلے تک کا، جب ڈگری محض کاغذ نہیں، علم کی مہر تھی اور ہنر محض شوق نہیں، انسان کی پہچان تھا۔ جب لوگ اپنی کہانی سنانے کے لیے اصل کی طرف لوٹا کرتے تھے، جب استاد کی عزت، کتاب کی قدر، اور ہنر مند کے ہاتھوں میں جادو ہوتا تھا۔

 

مگر آج؟ آج دورِ حاضر میں سب کچھ کاغذی لگتا ہے۔ ڈگری ہے تو سفارش کی مہر کے ساتھ، ہنر ہے تو خود تک محدود۔ والدین زیور بیچ کر، سامان اتار کر، قرض اٹھا کر بچوں کو ڈگری دلاتے ہیں، اور خواب دیکھتے ہیں کہ کل یہی ڈگری ان کی عزت بنے گی۔ مگر افسوس، وہ ڈگریاں بھی اب سرکاری فائلوں میں دب کر رہ گئی ہیں۔ کاغذ پر لکھا ہے کہ بچہ پڑھا لکھا ہے، مگر اس کے ہاتھ میں نہ ہنر ہے، نہ جیب میں روزگار۔ پہلے زمانے میں ڈگری علم کی نشانی تھی،جو ڈگری لیتا تھا وہ سوچنا جانتا تھا، لکھنا جانتا تھا، بولنا جانتا تھا۔ معاشرے کو سنوارنا جانتا تھا۔ اور ہنر انسان کی پہچان تھا، لوہار کا بیٹا لوہاری سیکھتا تھا تو اس کے ہاتھ میں کمال آتا تھا، بڑھئی کا بیٹا لکڑی کو چھو کر بولنے لگتا تھا، درزی کا بیٹا کپڑے کو دیکھ کر کاٹنا سیکھ جاتا تھا۔ وہ ہنر نسل در نسل چلتا تھا، اور گھر کو عزت دیتا تھا۔

 

اور آج کا زمانہ دیکھو، سوشل میڈیا کا زمانہ ہے۔ ایک کلک پر انسان گھر بیٹھے خود کو پتہ نہیں کیا سمجھنے لگتا ہے۔ ایک ویڈیو بنائی، چند لائکس آئے، اور وہ خود کو ماہر سمجھ بیٹھا۔ اصل ہنر کہیں پیچھے رہ گیا ہے، اور دکھاوے کا ہنر آگے بڑھ گیا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ اصل ہنر مند آج بھی کہیں گوشوں میں پڑا ہے۔ وہ لوہار، وہ بڑھئی، وہ درزی، وہ مستری، جن کے ہاتھوں میں واقعی کمال ہے، مگر انہیں نہ کوئی دیکھتا ہے نہ کوئی پوچھتا ہے۔ ان کا ہنر دبا ہوا ہے، اور سوشل میڈیا پر چمکنے والے نقلی ہنر نے اصل کو پیچھے دھکیل دیا ہے۔ لوگ ڈگری کے پیچھے بھاگتے ہیں، مگر ہاتھ میں کچھ نہیں۔ اور جو ہنر رکھتے ہیں، وہ اسے بیچ نہیں پاتے، کیونکہ خریدار کو اصل نہیں، دکھاوا چاہیے۔ ایک کلک پر مشہور ہونے والا آج کا نوجوان سوچتا ہے کہ وہی سب کچھ ہے، جبکہ اصل ہنر مند گمنامی کی زندگی گزار رہا ہے۔ کاش کوئی اسے سمجھے کہ سوشل میڈیا کی چمک دمک اصل ہنر کا متبادل نہیں ہو سکتی۔ کیمرے کے سامنے بول لینا ہنر نہیں، ہاتھ سے بنا لینا ہنر ہے۔

آج کیا ہوا؟ آج ہنر کو چھوڑ دیا، اور صرف ڈگری کے پیچھے بھاگے۔ اور ڈگری کو بھی اصل نہیں رہنے دیا، اسے بھی کاغذ بنا دیا۔ اب بچہ پڑھتا نہیں، رٹا لگاتا ہے۔ سمجھتا نہیں، نمبر لاتا ہے۔ اور نمبر لانے کے بعد بھی خالی ہاتھ رہ جاتا ہے۔ ماں باپ سوچتے ہیں، ہم نے سب کچھ بیچ دیا، بچے کو پڑھا دیا، ڈگری دلا دی۔ مگر بچہ ڈگری لے کر بھی بے روزگار ہے۔ اور بچہ سوچتا ہے، میں نے اتنی محنت کی، اتنی ڈگریاں لیں، پھر بھی میری قدر کیوں نہیں؟ کیونکہ آج معاشرہ ڈگری نہیں دیکھتا، سفارش دیکھتا ہے۔ ہنر نہیں دیکھتا، کاغذ دیکھتا ہے۔ تو پھر ہم کیا تلاش کر رہے ہیں؟ ہم وہ کھویا ہوا زمانہ تلاش کر رہے ہیں، جہاں ڈگری علم تھی، اور ہنر روزگار تھا۔ جہاں والدین بچے کو پڑھاتے تھے، اور ساتھ ہنر بھی سکھاتے تھے۔ جہاں استاد کا احترام تھا، اور ہنر مند کی قدر تھی۔

اور آخر میں یہی کہنا ہے کہ ڈگری اور ہنر میں سے کسی ایک کو چن لینا دانشمندی نہیں، دونوں کو ساتھ لے کر چلنا ہی اصل کمال ہے۔ ڈگری انسان کو سوچنے کا شعور دیتی ہے، اور ہنر اس سوچ کو عمل کا جامہ پہناتا ہے۔ جس نے علم کو ہنر سے جوڑ لیا، اس کی زندگی کاغذ کے ٹکڑے سے آگے بڑھ کر ایک زندہ حقیقت بن جاتی ہے۔ ورنہ ڈگری بغیر ہنر کے محض دیوار پر آویزاں فریم رہ جاتی ہے، اور ہنر بغیر علم کے اندھے ہاتھ کی طرح بھٹکتا رہتا ہے۔ آج کی اس دوڑ میں جو بچہ دونوں کو اپنا ہم سفر بنا لے، وہ نہ صرف اپنے والدین کے خوابوں کی تعبیر بنتا ہے، بلکہ اپنے معاشرے کے لیے بھی ایک روشن چراغ ثابت ہوتا ہے۔

ڈگری بغیر ہنر کے ایک بند دروازہ ہے، اور ہنر بغیر ڈگری کے ایک کھلا راستہ، مگر جو دونوں کو ساتھ لے کر چلے، اس کے لیے ہر دروازہ خود بخود کھل جاتا ہے۔