ڈپٹی کمشنر گولڈ کپ اینڈ کراٹے سپر لیگ سیزن ٹو، اوکاڑہ کنگ نے مسلسل دوسری مرتبہ ٹائٹل جیت لیا
اوکاڑہ کنگ اور راوی ہنٹرز کے مابین سنسنی خیز فائنل، کھلاڑیوں کے جارحانہ کھیل اور شاندار مہارت نے شائقین کے دل جیت لیے۔ ممبر صوبائی اسمبلی میاں محمد منیر اور ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک کی بطور مہمانانِ خصوصی شرکت۔
اوکاڑہ ( نامہ نگار ملک ظفر ) ضلعی انتظامیہ اوکاڑہ اور ادارہ دی ماسٹر کے اشتراک سے منعقدہ ڈپٹی کمشنر گولڈ کپ اینڈ کراٹے سپر لیگ سیزن ٹو کے فائنل مقابلے اور تقریبِ تقسیمِ انعامات شاندار انداز میں منعقد ہوئے۔ ایونٹ کے فیصلہ کن معرکے میں اوکاڑہ کنگ اور راوی ہنٹرز کی ٹیمیں آمنے سامنے آئیں، جہاں کھلاڑیوں نے بھرپور جوش، جارحانہ حکمتِ عملی اور اعلیٰ فنی مہارت کا مظاہرہ کیا۔ سنسنی خیز مقابلے کے بعد اوکاڑہ کنگ نے اپنی سابقہ کامیابی کی روایت برقرار رکھتے ہوئے مسلسل دوسری مرتبہ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
تقریب میں ممبر صوبائی اسمبلی میاں محمد منیر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ محمد اکرام ملک اور چیف انسٹرکٹر شہیان ڈاکٹر محمد عارف صدیقی بھی موجود تھے۔ فائنل مقابلوں کے دوران کھلاڑیوں کی برق رفتار حرکات، دفاعی مہارت اور جارحانہ انداز نے مقابلے کو دلچسپ بنائے رکھا۔ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے کھیل کے اعلیٰ معیار کا مظاہرہ کرتے ہوئے شائقین سے خوب داد وصول کی۔تقریبِ تقسیمِ انعامات کے موقع پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں میڈلز اور تعریفی سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے، جبکہ ادارہ دی ماسٹر کی جانب سے مہمانانِ خصوصی کو تعریفی شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔ مہمانانِ خصوصی نے ایونٹ کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ڈپٹی کمشنر گولڈ کپ اینڈ کراٹے سپر لیگ سیزن ٹو کا کامیاب انعقاد ضلعی انتظامیہ اوکاڑہ اور ادارہ دی ماسٹر کی جانب سے کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کی کوششوں کا مظہر ہے۔ اوکاڑہ کنگ کی مسلسل دوسری کامیابی نے ٹیم کی محنت، نظم و ضبط اور بہترین تیاری کو نمایاں کیا، جبکہ ایونٹ نے کراٹے کے شائقین کو معیاری اور سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کا موقع فراہم کیا۔ کامیاب ممبر صوبائی اسمبلی میاں محمد منیر اور ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک نےسپر لیگ کےشاندار انعقاد پر ادارہ کے ماسٹرز نعیم اختر ،محمد وسیم طارق کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے شیلڈز بھی پیش کیں
پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی ساہیوال ریجن کی گزشتہ ماہ کی کارکردگی رپورٹ جاری
سیف سٹی کوریج ایریاز میں جرائم برخلاف املاک میں 34 فیصد کمی : ایس ایس پی ساہیوال ریجن نصراللہ وڑائچ
اوکاڑہ( نامہ نگار ملک ظفر) پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی ساہیوال ریجن کی گزشتہ ماہ کی کارکردگی رپورٹ کے مطابق، سیف سٹی اتھارٹی، کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ اور ضلعی پولیس کی مشترکہ کاوشوں سے اوکاڑہ سمیت ریجن کے سیف سٹی کوریج ایریاز میں جرائم برخلاف املاک میں گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 34 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق سیف سٹی کی جدید نگرانی اور بروقت نشاندہی کی بدولت سی سی ڈی اور مقامی پولیس نے 12 جرائم پیشہ گینگز کے 32 ارکان کو گرفتار کیا، جبکہ ملزمان سے ایک کروڑ 49 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مسروقہ مال برآمد کیا گیا۔ سیف سٹی کی معاونت سے 174 مقدمات بھی ٹریس کیے گئے۔
ایس ایس پی نصراللہ وڑائچ کا کہنا ہے کہ شہریوں کی سہولت اور عوامی خدمت کے حوالے سے بھی اہم پیش رفت سامنے آئی، جہاں 128 گمشدہ افراد اور بچوں کو بحفاظت ان کے اہلِ خانہ سے ملایا گیا، جبکہ ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن کے ذریعے خواتین کی 2 ہزار 853 شکایات نمٹائی گئیں۔ اس کے علاوہ پبلک ٹرانسپورٹ میں خواتین اور مسافروں کی ہنگامی مدد کے لیے 945 نئے کیو آر پینک بٹن نصب کیے گئے۔
ایس ایس پی ساہیوال ریجن نصراللہ وڑائچ اور ڈسٹرکٹ منیجر اوکاڑہ زین اسلم کی زیرِ نگرانی سیف سٹی نظام کی مؤثر فعالیت، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور متعلقہ پولیس اداروں کے باہمی تعاون کے ذریعے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم کی روک تھام کے اقدامات جاری ہیں۔
پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے اور ہنگامی حالات میں فوری پولیس امداد یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ شہری کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری مدد کے لیے پولیس ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر رابطہ کریں۔
اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز احمد سلیم چشتی کی زیرِ صدارت ضلع میں "الیکٹرک بس سروس" کے حوالے سے جائزہ اجلاس، اجلاس میں عوام الناس کی سہولت کے لیے چند باقی رہ جانے والے بس سٹاپس پر بھی دیگر بس سٹاپس کی طرح سائبان، بیٹھنے کے لیے بینچز اور دیگر تمام بنیادی انتظامات کو جلد از جلد حتمی شکل دینے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ مجوزہ پوائنٹس پر ای بس سروس کے تمام مقررہ سٹاپس کا تفصیلی معائنہ کیا جائے اور مسافروں کے لیے گرمی و بارش سے بچاؤ کے لیے سائبانوں کی تعمیر اور بیٹھنے کی نشستوں کے قیام کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔ احمد سلیم چشتی نے کہا کہ ای بس سروس اوکاڑہ کے شہریوں کے لیے ایک جدید اور باوقار سفری تحفہ ہے۔ تمام ای بس سٹاپس پر سائبانوں کی تعمیر اور بیٹھنے کے مناسب انتظامات میں انتظامات کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ گرمی، بارش اور دیگر موسمی اثرات سے شہریوں کو محفوظ رکھنے کے لیے تمام انتظامات مکمل کیے جانا از حد ضروری ہے۔
ڈی پی او اوکاڑہ ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی کی تھانہ صدر اوکاڑہ میں کھلی کچہری، شہریوں کے مسائل سنے، فوری قانونی کارروائی کے احکامات جاری
اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اوکاڑہ ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے تھانہ صدر اوکاڑہ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جہاں شہریوں نے شرکت کی اور اپنے مسائل و شکایات براہِ راست ڈی پی او کے سامنے پیش کیے۔
ڈی پی او اوکاڑہ نے شہریوں کی شکایات کو سنا اور ان کے فوری اور قانونی ازالے کے لیے متعلقہ افسران کو موقع پر ہی ضروری احکامات جاری کیے۔ انہوں نے انچارج کمپلینٹ سیل انسپکٹر ریحانہ کوکب کو تمام درخواستوں کا باقاعدگی سے فالو اَپ لینے اور ان پر ہونے والی کارروائی کی نگرانی کرنے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر ڈی ایس پی صدر سرکل زاہد شاہ اور ایس ایچ او تھانہ صدر اوکاڑہ راؤ اقبال زاہد بھی موجود تھے۔
ڈی پی او اوکاڑہ ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے کہا کہ کھلی کچہریوں کا بنیادی مقصد عوام کو ان کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی، شہریوں کے مسائل کا بروقت ازالہ اور پولیس و عوام کے درمیان اعتماد کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ شہریوں کی شکایات کا میرٹ پر حل اور قانون کے مطابق کارروائی یقینی بنانا اوکاڑہ پولیس کی ترجیحات میں شامل ہے۔
مزید پڑھیں




