گوجرخان میں تجاوزات مافیا بے لگام، پیرا فورس خاموش تماشائی
پیرا فورس کے دفتر سے چند سو گز دور شہر بھر میں تجاوزات کی بھرمار، اہلکاروں کو نظر کیوں نہیں آتیں؟
بازاروں میں خواتین اور بزرگوں کا چلنا محال، تجاوزات مٹانے والی فورس کی کارکردگی بے نقاب
پیٹرولنگ ہوتی ہے تو تجاوزات دکھائی کیوں نہیں دیتیں، گشت نہیں تو سرکاری فیول کہاں خرچ ہوتا ہے؟
تجاوزات کے خاتمے کے لیے بنائی گئی فورس خود سوالیہ نشان، پنجاب حکومت کارکردگی کا حساب دے
گوجرخان (قمرشہزاد) گوجرخان میں تجاوزات مافیا نے سروس روڈز، بازاروں اور اہم گزرگاہوں پر قبضے جما رکھے ہیں، بازاروں کے اندر ریڑھیوں، ٹھیوں، اسٹالز اور بے ہنگم موٹرسائیکل پارکنگ نے شہریوں کی آمدورفت مشکل بنا دی ہے۔ جنرل بس اسٹینڈ اور قصائی گلی کے سامنے انڈر پاس کے داخلی و خارجی راستے بھی تجاوزات کی زد میں ہیں۔ شہری حلقوں کے مطابق پیرا فورس کے دفتر سے چند سو گز کے فاصلے پر شہر بھر میں تجاوزات کی بھرمار ہے، مگر عملی کارروائی کوئی نہیں ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے جس فورس کو تجاوزات کے خاتمے اور شہری نظم و ضبط کے لیے قائم کیا تھا، گوجرخان میں اسی فورس کی موجودگی کے باوجود تجاوزات پہلے سے بڑھ گئی ہیں۔ شہریوں نے سوال اٹھایا کہ اگر فورس کی تعیناتی کا مقصد عوامی راستے واگزار کرانا تھا تو بازاروں اور سروس روڈز پر قبضے برقرار کیوں ہیں؟ بلدیہ کا سابقہ انفورسمنٹ عملہ کم از کم وقتاً فوقتاً کارروائیاں کرتا تھا، مگر پیرا فورس کی آمد کے بعد صورتحال بہتر ہونے کے بجائے مزید بگڑتی دکھائی دے رہی ہے۔ دفتر کے قریب تجاوزات کا یہ عالم فورس کی نگرانی اور عملی کارکردگی پر سنگین سوالیہ نشان ہے۔ شہریوں نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا کہ گوجرخان میں پیرا فورس کی کارکردگی اور سرکاری وسائل کے استعمال کا حساب لیا جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر اہلکار باقاعدہ پیٹرولنگ کرتے ہیں تو شہر کی کھلی تجاوزات انہیں نظر کیوں نہیں آتیں؟ اور اگر گشت ہی نہیں ہوتا تو حکومت کی جانب سے فراہم کردہ فیول کہاں خرچ کیا جا رہا ہے؟ شہریوں نے مبینہ چشم پوشی کے اسباب کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ تجاوزات کے خلاف کارروائی نہ ہونے کے پیچھے کوئی غیرقانونی مفاد تو کارفرما نہیں، متعلقہ حکام اس حوالے سے وضاحت دیں۔ شہریوں کے مطابق جس فورس کو تجاوزات ختم کرانے کے لیے بنایا گیا، اگر وہ شہر کی بند گزرگاہیں اور بازاروں کی بدنظمی دور نہیں کر سکتی تو اس کی افادیت اور قومی خزانے پر پڑنے والے بوجھ کا جائزہ ناگزیر ہے۔ پنجاب حکومت واضح کرے کہ گوجرخان میں تجاوزات بڑھنے کے باوجود پیرا فورس کی کارکردگی پر جواب دہی کیوں نہیں ہو رہی اور عوام کے راستے واگزار کرانے کی ذمہ داری کون پوری کرے گا؟





