تھرک میں پانچویں سالانہ بین المذاہب کانفرنس کا انعقاد

کنزرویٹو کونسلر قیصر عباس نے مختلف مذاہب اور کمیونٹیز کے درمیان باہمی احترام، ہم آہنگی اور تعلقات کو مضبوط بنانے کے مقصد کے تحت پانچویں سالانہ بین المذاہب کانفرنس کا انعقاد کیا۔ کانفرنس بروز جمعہ، 13 نومبر 2026 کو گریز گوردوارہ ہال میں منعقد ہوئی۔
کانفرنس میں لارڈ لیفٹیننٹ آف ایسیکس، ڈپٹی پولیس، فائر اینڈ کرائم کمشنر برائے ایسیکس، تھرک کونسل کے ڈپٹی لیڈر، ریڈنگ کے ڈپٹی میئر، ایسیکس پولیس کے ڈسٹرکٹ کمانڈر اور پولیس افسران، آرچ ڈیکن آف ویسٹ ہیم، برطانیہ اور شمالی آئرلینڈ میں رومانیہ کے آرتھوڈوکس چرچ کے آرچ بشپ کے نمائندے، اساتذہ، اسکول کے طلبہ، مختلف مذاہب کے نمائندگان، مذہبی رہنماؤں اور کمیونٹی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر سی ٹو سی اور ایسیکس اینڈ سفوک واٹر کے نمائندگان بھی موجود تھے۔ ڈی ڈبلیو پی، تھرک فوسٹرنگ اور ہیلتھ واچ تھرک کی جانب سے معلوماتی اسٹالز بھی لگائے گئے، جہاں شرکاء کو ان کی خدمات کے بارے میں آگاہی فراہم کی گئی۔
وزیراعظم اینڈی برنہم اور کنزرویٹو پارٹی کے چیئرمین کیون ہولنریک ایم پی نے بھی کانفرنس کے شرکاء کے نام اپنے تحریری پیغامات ارسال کیے۔
اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا: ”مجھے تھرک میں منعقد ہونے والی پانچویں سالانہ بین المذاہب کانفرنس میں شرکت کرنے والے تمام افراد کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے۔ مختلف مذاہب کے درمیان مکالمہ ایسے مضبوط اور متحد معاشرے تشکیل دینے میں اہم کردار ادا کرتا ہے، جہاں لوگ ایک دوسرے کے ساتھ مہربانی اور احترام سے پیش آتے ہیں اور مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے مل کر کام کرتے ہیں۔ میں ان تمام افراد کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اس کانفرنس کے انعقاد میں مدد کی اور تھرک اور ایسیکس بھر میں مختلف کمیونٹیز کو قریب لانے کے لیے اپنی لگن اور محنت کا مظاہرہ کیا۔“
کنزرویٹو پارٹی کے چیئرمین کیون ہولنریک ایم پی نے اپنے پیغام میں کہا: ”مجھے پانچویں سالانہ بین المذاہب کانفرنس کے موقع پر گریس گوردوارہ ہال میں جمع ہونے والے تمام افراد کے لیے اپنی دلی نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے بے حد خوشی ہو رہی ہے۔ پانچ سال گزرنے کے بعد یہ کانفرنس تھرک اور وسیع تر ایسیکس میں ایک اہم اور قابل قدر روایت بن چکی ہے۔ اس کا سہرا کونسلر قیصر عباس کو جاتا ہے جنہوں نے اس کانفرنس کے انعقاد اور اسے کامیاب بنانے کے لیے بھرپور محنت کی، اس کے ساتھ ساتھ ان تمام مذہبی رہنماؤں، پولیس افسران، منتخب نمائندوں اور رضاکاروں کو بھی جنہوں نے اپنا قیمتی وقت اس مقصد کے لیے وقف کیا۔
ہمارا ملک اس وقت سب سے زیادہ مضبوط ہوتا ہے جب مختلف مذاہب اور پس منظر سے تعلق رکھنے والے لوگ پڑوسیوں کی طرح ایک دوسرے سے ملتے ہیں۔ اس کا مطلب ہے کہ ہم ایمانداری سے بات کریں، کھلے دل سے ایک دوسرے کی بات سنیں اور اپنی مشترکہ کمیونٹی کی بہتری کے لیے مل کر کام کریں۔ اس طرح کے اجتماعات اعتماد اور باہمی سمجھ بوجھ کو فروغ دیتے ہیں جو کسی بھی کمیونٹی کو متحد رکھنے کے لیے ضروری ہیں، خصوصاً مشکل حالات میں۔“
کونسلر قیصر عباس نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور کانفرنس کے لیے ہال اور ریفریشمنٹ فراہم کرنے پر گریز گوردوارہ انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔
اپنے خطاب میں کونسلر قیصر عباس نے کہا: ”بین المذاہب ہم آہنگی کا اصل مقصد اعتماد قائم کرنا، ایک دوسرے کو سمجھنا اور مشکلات کے وقت اپنی کمیونٹیز کے ساتھ متحد ہو کر کھڑا ہونا ہے۔ ہماری مذہبی تعلیمات، ثقافتیں اور پس منظر مختلف ہو سکتے ہیں، لیکن ہماری مشترکہ اقدار اور خواہشات ایک جیسی ہیں۔ ہم سب محفوظ معاشرے، اپنے بچوں کے لیے بہتر مواقع اور آنے والی نسلوں کے لیے ایک پُرامن مستقبل چاہتے ہیں۔“
کانفرنس سے مذہبی، شہری اور کمیونٹی رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔کونسلر عباس نے تمام مذہبی رہنماؤں، کمیونٹی نمائندوں اور شرکاء کا کانفرنس میں شرکت کرنے اور باہمی احترام، سمجھ بوجھ اور ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اپنی مسلسل وابستگی پر شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کانفرنس کے انعقاد میں بھرپور محنت اور تعاون کرنے پر اپنی رضاکار ٹیم اور کونسلر ایلینا پیلِن کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا۔
رپورٹ، زین العابدین، لندن
مزید پڑھیں




