پیر، 2 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

گوجرخان میں گیس دھماکہ، گلی پھٹ گئی، مکانات میں دراڑیں

مصنف:

محلہ راجگان وارڈ 8 میں گیس لیکیج کا واقعہ، عینی شاہدین اور محکمہ سوئی گیس کے مؤقف میں تضاد

دھماکے کے بعد متاثرہ گلی اور املاک کے نقصان پر شہریوں کا تحقیقات اور ازالے کا مطالبہ

گوجرخان (قمر شہزاد) اندرون شہر محلہ راجگان، وارڈ نمبر 8 رڑی میں گیس لیکیج کی شکایت پر محکمہ سوئی گیس کی ٹیم کی کارروائی کے دوران زور دار دھماکہ ہوگیا، جس سے گلی پھٹ گئی اور دور تک شگاف پڑ گئے، جبکہ قریبی گیٹ اور مکانات کو بھی نقصان پہنچنے کے مناظر سامنے آئے۔ اہلِ محلہ کے مطابق علاقے میں کئی روز سے گیس لیکیج ہو رہی تھی، جس کی شکایت محکمہ کو درج کروائی گئی تھی۔ عینی شاہدین نے الزام عائد کیا کہ راولپنڈی سے آنے والے اہلکاروں نے مبینہ طور پر ماچس کی تیلی سے گیس چیک کرنے کی کوشش کی، جس کے دوران دھماکہ ہوا، جبکہ بعض افراد نے ایک اہلکار کے زخمی ہونے کا دعویٰ بھی کیا۔ دوسری جانب گوجرخان میں محکمہ سوئی گیس کے انچارج نے اپنے ریکارڈ شدہ مؤقف میں بتایا کہ نالے میں گیس کی کراس لائن موجود تھی، جہاں کھدائی کے دوران کسی چیز کے ٹکرانے سے ممکنہ طور پر چنگاری اٹھی اور دھماکہ ہوگیا۔ ان کے مطابق کراس لائن بند کر دی گئی ہے تاکہ گیس لیکیج مزید جاری نہ رہے، جبکہ باقی مرمتی کام بعد میں کیا جائے گا۔ انہوں نے مکانات کی بنیادوں کو نقصان پہنچنے کی بھی تردید کی۔ واقعے کے حوالے سے عینی شاہدین اور محکمہ سوئی گیس کے بیانات میں فرق سامنے آیا ہے۔ اہلِ محلہ نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کرکے اصل وجہ اور ذمہ داری کا تعین کیا جائے اور متاثرہ گلی و مکانات کو پہنچنے والے نقصان کا ازالہ کیا جائے۔