پیر، 23 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

انڈونیشیا: فیکٹری میں خوفناک آتشزدگی، ہلاکتوں کی تعداد 24 ہوگئی


انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ کےقریب ایک کنفیکشنری فیکٹری میں ہفتے کی شام لگنے والی خوفنا ک آگ کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 24 ہو گئی ہےجبکہ کم از کم 30 افراد تاحال لاپتا ہیں جن کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔


انڈونیشیا کے حکام نے پیر کے روز تصدیق کی ہے کہ اختتامِ ہفتہ ایک فیکٹری میں بھڑک اٹھنے والی آگ سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 24 تک پہنچ گئی ہے ریسکیو اہلکار جلی ہوئی عمارت کے مخدوش او ر غیر مستحکم ڈھانچے کے باوجود ملبے تلے دبے یا لاپتا ہونے والے تقریباً 30 افراد کی تلاش میں مصرو ف ہیں۔


حکام کے مطابق یہ آگ ہفتے کی شام دارالحکومت جکارتہ سے تقریباً ایک گھنٹے کی مسافت پر واقع صوبہ بانتین کےعلاقے چیکاندے (Cikande) میں ’پی ٹی فونوسا اگونگ مولیا‘کنفیکشنری فیکٹری کی ایک عمار ت میں لگی، جس کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔


محنت و مزدوری کے امور پر صدارتی مشیر سعید اقبال نے صحافیوں کو بتایا کہ حادثے میں 24 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں فیکٹری میں حفاظتی ضوابط پر عمل درآمد کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور وہ اس سلسلے میں فیکٹری کے چیف ایگزیکٹو کو طلب کریں گے۔ سعید اقبال کا مزید کہنا تھا کہ ابتدائی رپورٹس سے ظاہر ہوتا ہے کہ آگ ممکنہ طور پر ایئر کنڈیشنر میں شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔


یہ فیکٹری ’یونائیٹڈ فیملی فوڈ‘ کی ملکیت ہے، جس نے فوری طور پر اس واقعے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔


کمپنی کی ویب سائٹ کے مطابق اس ادارے میں مجموعی طور پر تقریباً 5 ہزار ملازمین کام کرتے ہیں اور یہ مقامی منڈی میں صارفین کی اشیا فراہم کرنے والا ایک بڑا ادارہ ہے جس کے بیرونِ ملک چار دفاتر بھی ہیں۔ اس کی معروف مصنوعات میں مشہور کنفیکشنری برانڈ ’ملکیتا‘ اور انسٹنٹ نوڈلز ’لیمونیلو‘ شامل ہیں فیکٹری کے چیف ایگزیکٹو اسٹیون ایرون وجایا کے مطابق ہفتے کی شفٹ کے دوران فیکٹری کمپلیکس میں تقریباً 300 افراد موجود تھے۔


بانتین سرچ اینڈ ریسکیو ایجنسی کے سربراہ الامراد نے بتایا کہ پیر کے روز بھی امدادی کارروائیاں جاری رہیں، تاہم عمارت کے بعض حصوں میں سلگتی آگ اور ڈھانچےکےمسلسل کمزور ہونے کے باعث ریسکیو اہلکاروں کو شدید خطرات کا سامنا ہے۔


انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ اب تک 29 افراد کے محفوظ ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے جن میں سے 5 اسپتال میں زیرِ علاج ہیں امدادی کارکنوں نے اب تک انسانی اعضا پر مشتمل 24 بیگز منتقل کیے ہیں، تاہم موقع پر موجود حکام فوری طور پر حتمی ہلاکتوں کی تصدیق نہیں کر سکے۔