آئی جی پنجاب عبدالکریم کا دورہ سرگودھا، پولیس افسران و جوانوں سے ملاقات
آئی جی پنجاب عبدالکریم کا دورہ سرگودھا، پولیس افسران و جوانوں سے ملاقات، شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا، نئی عمارات کا افتتاح
سرگودھا، 20 اکتوبر:* انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے سرگودھا کا دورہ کیا، جہاں ریجنل پولیس آفیسر سرگودھا سہیل اختر سکھیرا اور ڈسٹرکٹ پولیس افسران نے ان کا استقبال کیا۔ آئی جی پنجاب نے یادگارِ شہدا پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم کی زیرِ صدارت پولیس اجلاس منعقد ہوا، جس میں افسران اور جوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پنجاب نے کہا کہ حکومتِ پنجاب کی جانب سے پولیس کو پہلے سے زیادہ وسائل فراہم کیے گئے ہیں، جنہیں عوام کے تحفظ اور جرائم کی روک تھام کے لیے مؤثر انداز میں استعمال کیا جائے۔ انہوں نے افسران و اہلکاروں پر زور دیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے محفوظ پنجاب وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں اور امن و امان کے قیام سمیت شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔
آئی جی پنجاب نے جرات و بہادری کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران اور اہلکاروں میں تعریفی سرٹیفکیٹس اور انعامات بھی تقسیم کیے اور ان کی خدمات کو سراہا۔ دورے کے دوران انہوں نے پولیس اسٹاف ہاسٹل، پولیس ٹریننگ اسکول اور ٹریفک کمپلیکس سرگودھا کی نئی عمارات کا افتتاح بھی کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ حکومتِ پنجاب کے خصوصی تعاون سے پولیس کے انتظامی امور اور دیگر شعبوں میں بہتری کے لیے بھرپور اقدامات کیے گئے ہیں۔
بعد ازاں آئی جی پنجاب کی زیرِ صدارت کرائم ریویو اجلاس منعقد ہوا، جس میں جرائم کی صورتِ حال کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے جرائم کی روک تھام کے لیے ٹھوس اور مؤثر اقدامات کرنے، پولیس کارکردگی بہتر بنانے اور شہریوں کے تحفظ کو مزید یقینی بنانے پر زور دیا۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے شہید ایس ایچ او عامر رضوان کے گھر بھی گئے اور شہید کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی۔ انہوں نے شہید کی قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے بلند درجات کے لیے خصوصی دعا کی
رپورٹ،ملک شاہنوازجالپ




