پیر، 19 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

ننکانہ،جدید ویٹرنری آپریشن تھیٹر کا افتتاح

مصنف:

ننکانہ صاحب

(احسان اللہ ایاز باغی ٹی وی نامہ نگار )


وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور صوبائی وزیر لائیو اسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ عاشق حسین کرمانی کے مویشی پال حضرات کو جدید ویٹرنری سہولیات کی فراہمی کے اقدام کے تحت لائیو اسٹاک کمپلیکس ننکانہ صاحب میں جدید اینیمل آپریشن تھیٹر کا افتتاح کر دیا گیا۔ وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر شذرہ منصب اور رکن پنجاب اسمبلی آغا علی حیدر نے آپریشن تھیٹر کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ماہین فاطمہ، اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر ندا اقبال، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو اسٹاک ڈاکٹر فراز منیر، ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو اسٹاک ڈاکٹر خورشید عالم اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت ڈاکٹر شذرہ منصب نے کہا کہ جانور دیہی معیشت اور مویشی پال خاندانوں کے روزگار کا اہم ذریعہ ہیں۔جدید ویٹرنری سہولیات کی فراہمی سے بیمار اور زخمی جانوروں کو بروقت علاج میسر آئے گا اور مویشی پال حضرات کو درپیش مشکلات کم کرنے میں مدد ملے گی۔ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو اسٹاک ڈاکٹر فراز منیر نے کہا کہ ننکانہ صاحب کے فارمرز کے لیے یہ بڑی خوشخبری ہے کہ اب ان کے قیمتی جانوروں کے پیچیدہ آپریشن اور علاج کی سہولت ضلع میں ہی دستیاب ہوگی، جس سے انہیں لاہور اور دیگر بڑے شہروں میں جانور لے جانے کی پریشانی اور اضافی اخراجات سے نجات ملے گی۔ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو اسٹاک ننکانہ ڈاکٹر خورشید عالم نے میڈیا سے گفتگو کرتے بتایا کہ پہلے سے مقررہ سرکاری فیس پانچ روپے میں ہی جانوروں کے علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی، جس کا مقصد مویشی پال حضرات کو کم خرچ میں علاج کی سہولت فراہم کرنا ہے۔لائیو اسٹاک کے شعبے میں جدید طبی سہولیات کی فراہمی سے جانوروں کی صحت کے تحفظ، قیمتی مویشیوں کی اموات سے ہونے والے مالی نقصانات میں کمی اور دودھ و گوشت کی پیداوار برقرار رکھنے میں مدد ملے گی ڈاکٹر خورشید عالم نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب لائیو اسٹاک کے شعبے میں جدید سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات کر رہی ہے، تاکہ مویشی پال حضرات کو اپنے علاقوں میں جانوروں کے علاج کی بہتر سہولیات میسر آئیں۔ ننکانہ صاحب میں جدید ویٹرنری آپریشن تھیٹر کا قیام اسی سلسلے کی ایک اہم پیش رفت ہے۔