منگل، 10 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

مہنگائی،تحریر:ایمن ریاض

نقطہ نظر
aiman riaz

رواں ماہ بجلی کے بل دیکھ کر اچھے اچھوں کے دل دہل گئے ہیں۔ یہ بجلی کے بل نہیں بلکہ غریبوں کے لیے موت کا پروانہ ہیں۔ کچھ کہانیاں جو ہماری نظروں سے گزریں تو دل سے بے ساختہ اپنے حکمرانوں کے لیے بدعائیں نکلیں۔۔

شائستہ بی بی ملتان میں سیوڑہ چوک کے قریب رہتی ہے۔ اس کے تین بچے ہیں، خاوند نشہ کرتا ہے۔ وہ بی بی خود اڑوس پڑوس اور قریبی کالونی کے لوگوں کے کپڑے سیتی ہے، جس سے اسے کچھ آمدنی ہو جاتی ہے۔ گھر کا مشکل سے سہی، لیکن گزر اوقات ہو ہی جاتا ہے۔ اس کے خاوند کو جب کبھی نشے کے لیے زیادہ پیسوں کی ضرورت ہوتی ہے تو وہ گھر کی کوئی چیز بیچ کر اپنا نشہ پورا کرتا ہے۔ دو ماہ پہلے اس نے گھر کی استری بیچ دی تھی، جولائی میں اس نے سخت گرمی میں چھت پر لگا پنکھا بیچ دیا اور اب بیوی کا بٹن والا موبائل، جس سے وہ اپنے گاہکوں سے رابطے میں رہتی تھی، نشہ فروخت کرنے والوں کو اونے پونے بیچ آیا تھا۔ شائستہ کے گھر کا اگست میں بجلی کا بل آٹھ ہزار روپے آیا۔ پنکھا تو نشئی شوہر بیچ چکا تھا، گھر میں بس بجلی کے دو بلب اور پانی کی موٹر کبھی کبھار چلتی ہے۔ بجلی کا بل شائستہ بی بی ہر ماہ باقاعدگی سے اپنی محنت مشقت کی کمائی سے ادا کرتی تھی۔ وہ بل ادا کرنے کی آخری تاریخ بیس اگست تک بجلی کا بل ادا نہیں کر سکی۔ ٹھیک اگلے دن محکمے کے مستعد کارندوں نے اس کے گھر کے باہر لگا بجلی کا میٹر اتار لیا اور اس بنا پر خاوند نے بیوی کو مارا پیٹا کہ سلائی مشین پر لگی موٹر کی وجہ سے بل زیادہ آیا ہے، اور اسے گھر سے نکال باہر کیا۔ شائستہ بی بی اب اپنے میکے میں آئی ہے اور اس کی بیوہ ماں نے مجھے یہ واقعہ سنایا ہے۔۔

وقار اور وقاص دونوں بھائی ہیں اور معصوم شاہ روڈ گلبرگ کالونی کے رہائشی ہیں۔ ان کے گھر پچھلے ماہ چالیس ہزار روپے بجلی کا بل آیا تھا۔ بل زیادہ آنے پر پہلے گھر کی خواتین کے مابین جھگڑا ہوا، تو توکار ہوئی اور بعد میں دونوں بھائی ایک دوسرے سے گتھم گتھا ہوئے، دونوں نے ایک دوسرے پر الزام لگایا کہ بجلی کا بل ان کی وجہ سے زیادہ آیا ہے۔ بات بڑھی اور لڑائی مارکٹائی میں بدل گئی۔ محلے دار حیران تھے کہ ایسا منظر انہوں نے پہلی بار دیکھا تھا۔ دونوں بھائی پہلے ایک دوسرے پر جان چھڑکتے تھے۔ آخرکار وقار بھائی نے ادھار اٹھا کر بل ادا کیا، جبکہ وقاص بھائی اپنے لیے کرائے کا مکان ڈھونڈ رہے ہیں اور انہوں نے وقار سے وراثت میں اپنا حصہ طلب کر لیا ہے۔

میں کل میپکو سب ڈویژن حرم گیٹ میں ایس ڈی او سے ملاقات کے لیے گیا، مجھے اپنے ایک قریبی عزیز کے لیے بجلی کے نئے میٹر کی درخواست دینا تھی۔ وہاں ایک ادھیڑ عمر خاتون زخمی حالت میں (چہرے اور گردن پر جا بجا زخم کے نشان تھے، ناک اور پیشانی پر سوجن بھی تھی) سب ڈویژن میں پہنچی ہوئی تھیں۔ وہ ون ونڈو کاؤنٹر پر بیٹھے افسر کو بتا رہی تھیں کہ ”بیٹا! ہم غریب لوگ ہیں۔ خاوند بے روزگار ہے، میں گھر کی بیٹھک میں بچوں کے کھانے کی چھوٹی چھوٹی اشیاء بیچتی ہوں۔ زندگی میں پہلی بار ان کا بہت زیادہ پانچ ہزار روپے کا بجلی کا بل آیا ہے۔ اتنا زیادہ بل دیکھ کر میرے خاوند نے مار پیٹ شروع کر دی تو میں نے فون کر کے اپنے چاروں بھائیوں کو بلا لیا اور انہوں نے میرے خاوند کی ٹھکائی کر دی۔ وہ مار کھانے کے بعد لاہور بھاگ گیا ہے۔ میں لوگوں سے مانگ تانگ کر دو ہزار روپے جمع کر کے یہاں آئی ہوں۔ آپ مجھے اس بل کی قسطیں بنا دو۔“ وہاں دفتر میں بیٹھے ایک صاحب نے اس خاتون پر ترس کھا کر بل کی پوری رقم اپنی طرف سے ادا کر دی تھی۔

ان سب واقعات کو مظہر صدیقی صاحب نے قلم بند کیا ہے۔ یہ پڑھ کر میرا دل چاہا کہ میں اس پر کچھ لکھوں۔۔ پر کیا لکھوں۔۔

کسی سفید پوش کی برزخ میں گزرتی زندگی کی تصویر بناؤں یا پھر عام آدمی کی داستان بیان کروں؟

یا پھر خاص آدمیوں کی بے حسی پر آواز اٹھاؤں؟

وہ خاص آدمی جو اربوں، کھربوں کی جائیداد کا احوال پڑھتا ہے، دولت کے انبار کی سنسنی خیز خبر سناتا ہے، کوٹھریوں اور محلوں کے جرائم سے باخبر رہتا ہے، مگر اس کی اپنی زندگی مہنگائی کے ڈھلان پر لڑکھتے ہوئے گزر رہی ہے۔

مہنگائی کا طوفان تمام حفاظتی پشتے توڑ کر ایک سونامی کی شکل اختیار کر چکا ہے۔ ایسی سونامی جو بستیوں کی بستیاں نگل جاتی ہے۔

اس ہوشربا مہنگائی نے متوسط طبقے کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے، تو سوچیں ان کا کیا حال ہوگا جو غربت سے بھی نیچے کی زندگی گزارتے ہیں۔۔ جو محنت مشقت کر کے اپنے لیے ایک وقت کی روٹی کا انتظام کرتے ہیں اور وہ ایک روٹی سب میں تقسیم ہوتی ہے۔

جن کی صبح دودھ، جیم، ڈبل روٹی یا پراٹھے سے نہیں بلکہ کالی بھجنگ چائے کے ساتھ ہوتی ہے۔

ان غریبوں کے چہروں پر غربت و عسرت کی ساری کہانی لکھی ہوئی ہے۔

مگر شاید اس دھرتی پر کوئی ایسا فرد نہیں جو ان کے چہرے کی کہانیوں کو پڑھ سکے، ان کے گونگے ہوئے الفاظ کو آواز دے سکے۔

مہنگائی کی شرح 42 فیصد سے بھی زائد ہے۔

دالیں، سبزیاں جو کبھی غریبوں کی خوراک سمجھی جاتی تھیں، اب ان کو خریدنا بھی جوئے شیر لانے کے مترادف ہے، کجا کہ مرغِ مسلم۔۔

ہر روز صبح اٹھتے ہی ایک خبر منتظر ہوتی ہے:

”پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان!“

اور یہ جو قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے، یہ غریب آدمی کی زندگی کے امکان کم کر رہا ہے۔

کوئی ماں بھوک کے ڈر سے اپنے بچوں کو زہر دے رہی ہے تو کوئی بے روزگاری کا شکار نوجوان نہر میں چھلانگ لگا کر خودکشی کر رہا ہے۔

اور سونے پر سہاگا یہ کہ اقتدار اور وسائل پر قابض لوگ ہمیں بتاتے ہیں کہ ”بھوک خدا کی آزمائش ہے۔“

ہمارے وسائل پر قابض ایک حافظ صاحب عرض کرتے ہیں کہ ”مہنگائی خدا کی طرف سے ہوئی ہے اور ایک فرشتہ اشیاء کی قیمتوں کا تعین کرتا ہے۔“

پہلے سوچا کہ شاید موصوف مذاق کر رہے ہیں ۔۔ گویا ایسی صورت حال میں مذاق کرنا بھی ہمارے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔

اس بستی میں جہاں غریب اور سفید پوش زندگی سزا کی طرح کاٹ رہے ہوں، گھر میں فاقے پڑے ہوں، بچوں نے پھلوں اور گوشت کا ذائقہ مہینوں نہ چکھا ہو، وہاں اعلیٰ افسران کے لیے لگژری گاڑیوں اور بلٹ پروف گاڑیوں کی منظوری دی جاتی ہے۔

اور عوام ہے کہ گونگے کا گڑ کھائے بیٹھی ہے، اپنے حق کے لیے آواز اٹھانے پر شرمندگی محسوس کرتے ہیں۔

”چلتے ہیں دبے پاؤں کوئی جاگ نہ جائے!!

غلامی کے اسیروں کی یہی خاص ادا ہے،

ہوتی نہیں جو قوم حق بات پہ یکجا

اُس قوم کا حاکم ہی اُس کی سزا ہے!!“

یہ مہنگائی مہنگائی نہیں ہے، بلکہ یہ اشرافیہ کی عیاشیوں کا بھتہ ہے۔ بھتہ دیتے جاؤ، سہتے جاؤ۔

جو لوگ مہنگائی لانے کے ذمہ دار ہیں، ان کا تو سب کچھ (رہائش، بجلی، پیٹرول، ٹیلیفون، ڈرائیور تک) سرکاری ہوتا ہے، انہیں کہاں مہنگائی محسوس ہوگی! زمین تو غریب پر تنگ کر دی گئی ہے۔

اس مہنگائی کے خلاف آواز اٹھائیں!

اگر آپ مہنگائی اور بجلی کے بڑھते ریٹس پر یونہی چپ سادھے بیٹھے رہے تو لکھ لیجیے، ایک دن بجلی کا بل آپ کی آمدنی کے برابر آ جائے گا۔۔ کہ نیپرا دسمبر تک تیرہ روپے فی یونٹ اضافے کی کوشش میں ہے، اگلے سال گرمیوں میں ایسے گھرانے جن کے گھر صرف ایک پنکھا، چار بلب اور پانی کی موٹر ہے، وہ 200 یونٹس خرچ کرنے پر ماہانہ 16,000 روپے بل کی مد میں دیں گے۔

اب خود سوچیے، جس کے گھر میں صرف ایک پنکھا اور چار بلب ہوں، اس کی ماہانہ آمدن کتنی ہوگی۔۔؟ بجلی کا بل ادا کرنے کے بعد وہ باقی اخراجات کیسے پورے کرے گا؟

اور اس حساب سے وہ مڈل کلاسیے جن کے گھر فریج، موٹر، استری اور واشنگ مشین بھی ہے، وہ ماہانہ بجلی کا بل ادا کر سکیں گے؟ جن کے اب بھی بل بیس ہزار تک آ رہے ہیں، وہ اتنے ہی یونٹس کی کھپت پر اگلے سال ماہانہ پینتیس ہزار دے سکیں گے؟ تب کمیٹی ڈال کر بھی شاید بل نہ ادا ہو سکے ۔۔

اور ایک اے سی والے گھرانے تو ماہانہ ستر ہزار بل کے لیے ذہنی طور پر تیار رہیں ۔۔

اب نہیں بولو گے۔۔ تو کب بولو گے؟

کوئی کمیٹی، کوئی احتجاج، کوئی آواز۔۔ خدارا کچھ تو کہیے!

ہر محلے، ہر ٹاؤن، ہر شہر کے لوگ بل جمع کروانے کی بجائے واپڈا سب ڈویژن، نیپرا آفس اور کے الیکٹرک کے سامنے احتجاج کریں۔۔ مہم چلائیں، بل جمع کرانے سے انکار کر دیں ۔۔ پھر شاید یہ ماہانہ بڑھتا ہوا اضافہ رک جائے، شاید غریب لوگ بلوں کی ڈکیتی سے پیسے بچا کر اپنے بچوں کے منہ میں نوالہ ڈال سکیں۔

اے وقت کے حاکم! تجھ سے اللہ پوچھے گا، انشاء اللہ آخرت میں غریبوں کے ہاتھ ہوں گے اور تیرا گریبان۔