پیر، 9 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

جماعت اسلامی لوئر چترال کا زونل امراء کے انتخاب کے لیے استصوابِ رائے کا عمل مکمل

مصنف:

چترال (فتح اللہ ) جماعت اسلامی لوئر چترال کا ایک روزہ اجتماعِ ارکان مرکز اسلامی قتیبہ دنین میں منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر سے اراکین جماعت نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔


اجتماع کا آغاز مولانا سفیر اللہ کے درسِ قرآن سے ہوا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی لوئر چترال وجیہ الدین نے اپنے خطاب میں اراکین جماعت پر زور دیا کہ وہ تحریکی سرگرمیوں اور دعوتی جدوجہد کو اپنی ترجیحات میں اولیت دیں۔ انہوں نے کہا کہ اقامتِ دین کی جدوجہد ایک ہمہ گیر ذمہ داری ہے، جس کی تکمیل کے لیے ضروری ہے کہ تمام ارکان باہمی اتحاد، اخوت اور یکجہتی کے ساتھ ایک دوسرے کے دست و بازو بن کر کام کریں اور تحریک کے مشن کو آگے بڑھانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔


اجتماع کے دوران معمول کی تنظیمی کارروائی کے علاوہ آئندہ سیشن کے لیے زونل امراء کے انتخاب کی غرض سے استصوابِ رائے کا عمل بھی مکمل کیا گیا۔


اجتماع کے اختتام پر متعدد اہم قراردادیں متفقہ طور پر منظور کی گئیں، جن میں مطالبہ کیا گیا کہ چترال میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے عوامی حقوق، قانونی تقاضوں اور شہریوں کے بنیادی حقوق کا مکمل احترام یقینی بنایا جائے اور کسی بھی کارروائی میں قانون اور انصاف کے تقاضوں کو ملحوظ رکھا جائے۔


قرارداد میں چترال میں کرپشن کے خلاف جاری تحقیقات کو تیز کرنے، قومی خزانے کو پہنچنے والے نقصان کا تعین کرنے اور لوٹی گئی قومی دولت کی واپسی کے لیے مؤثر اقدامات کا بھی مطالبہ کیا گیا۔


اجتماع میں صوبے میں گورنر راج کے نفاذ کے بعد ترقیاتی سرگرمیاں رک جانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے صوبے کے عوام کے ساتھ ناانصافی قرار دیا گیا اور مطالبہ کیا گیا کہ عوامی فلاح و بہبود اور بنیادی ضروریات سے متعلق تمام ترقیاتی منصوبوں پر کام فوری طور پر دوبارہ شروع کیا جائے۔


اجتماع کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جماعت اسلامی دین کی سربلندی، عوامی حقوق کے تحفظ اور معاشرتی اصلاح کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔