لوئر چترال پولیس کی پندرہ روزہ کارکردگی: 43 منشیات فروش گرفتار، بھاری مقدار میں منشیات برآمد
چترال (فتح اللہ) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال محمد خالد خان نے کہا ہے کہ لوئر چترال پولیس جرائم کے خاتمے، منشیات کے خلاف مؤثر کارروائیوں، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور بہتر پولیسنگ کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ گزشتہ پندرہ روز کے دوران منشیات فروشی، غیر قانونی اسلحہ، چوری اور دیگر جرائم کے خلاف کارروائیوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی گئی ہیں۔
ڈی پی او لوئر چترال محمد خالد خان نے ڈی پی او آفس کے کانفرنس روم میں پولیس کی پندرہ روزہ کارکردگی کے حوالے سے منعقدہ پریس کانفرنس میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ زاہد نواز کی خصوصی ہدایات پر پولیس جرائم کے تدارک، عوامی مسائل کے حل اور امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے سرگرم عمل ہے۔
انہوں نے بتایا کہ منشیات کے خلاف جاری مہم کے دوران مجموعی طور پر 43 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا، جن کے قبضے سے 13 کلو 895 گرام چرس، 55 گرام افیون، 562 گرام آئس، 20 گرام ہیروئن اور 74 لیٹر دیسی شراب برآمد کی گئی۔ منشیات کے ناسور کے خاتمے اور نوجوان نسل کو اس تباہ کن لعنت سے محفوظ رکھنے کے لیے کارروائیوں کا سلسلہ مزید تیز کیا جا رہا ہے۔
ڈی پی او کے مطابق غیر قانونی اسلحہ کے خلاف کارروائیوں میں ایک شاٹ گن، تین پستول اور 67 کارتوس برآمد کیے گئے، جبکہ چوری کے چار مقدمات میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے مجموعی طور پر آٹھ لاکھ 60 ہزار روپے مالیت کی چھ موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں۔ دروش شیشی کوہ میں پیش آنے والے اندھے قتل کے واقعے کو بھی پولیس نے پیشہ ورانہ تفتیش کے ذریعے صرف 24 گھنٹوں میں ٹریس کرکے ملزم کو گرفتار کیا۔
محمد خالد خان نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل اور پولیس و عوام کے درمیان اعتماد کے فروغ کے لیے مختلف علاقوں میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا گیا، جہاں شہریوں کی شکایات سن کر متعلقہ افسران کو فوری اقدامات کی ہدایات جاری کی گئیں۔ اسی طرح تعلیمی اداروں اور مساجد میں منشیات کے نقصانات، خودکشی کی روک تھام، ذہنی دباؤ سے نمٹنے، ٹریفک قوانین کی پابندی اور معاشرتی امن کے حوالے سے آگاہی مہم بھی جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس جوانوں کے مسائل اور شکایات کے حل کے لیے پولیس دربار منعقد کیا گیا، جبکہ عوام کی سہولت کے لیے تمام تھانہ جات میں پولیس مددگار اہلکار تعینات کیے گئے ہیں تاکہ سائلین کو رہنمائی، شکایات کے اندراج اور متعلقہ افسران تک رسائی میں آسانی فراہم کی جا سکے۔
ٹریفک نظام کی بہتری کے حوالے سے ڈی پی او نے کہا کہ غیر قانونی فلیش لائٹس، تیز ایل ای ڈی، کم عمر موٹر سائیکل سواروں، غیر قانونی رکشوں اور آتش بازی کے خلاف خصوصی مہم جاری ہے۔ والدین کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو قانونی عمر سے قبل موٹر سائیکل چلانے کی اجازت نہ دیں اور ٹریفک قوانین پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔
پولیس فورس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے فائرنگ پریکٹس، جنرل پریڈ اور ٹریفک اہلکاروں کے لیے ریفریشر کورسز کا انعقاد بھی کیا گیا۔ مزید برآں عوام کو بہتر پولیس سہولیات کی فراہمی کے لیے دروش میں پولیس سہولت مرکز قائم کیا گیا ہے، جبکہ زرگراندہ پولیس سہولت مرکز کی تزئین و مرمت کا کام بھی جاری ہے۔
ڈی پی او لوئر چترال محمد خالد خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ زاہد نواز کی ہدایات کے مطابق لوئر چترال پولیس جرائم کے خاتمے، منشیات سے پاک معاشرے کی تشکیل، عوام کے تحفظ اور عوام دوست پولیسنگ کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔
مزید پڑھیں




