این اے 77 کا سیاسی اکھاڑہ ن لیگ کے لیے چیلنج بن گیا ،تحریر:خنیس الرحمان
نقطہ نظرکسی بھی جمہوری معاشرے میں ضمنی انتخابات محض ایک نشست کی ہار جیت کا فیصلہ نہیں کرتے، بلکہ یہ اس بات کا بھی تعین کرتے ہیں کہ عوام کا سیاسی شعور کس سمت میں سفر کر رہا ہے اور مروجہ سیاسی نظام میں تبدیلی کی کتنی گنجائش موجود ہے۔ پنجاب کے دل، گوجرانوالہ کے حلقہ این اے 77 میں ہونے والا حالیہ ضمنی انتخاب بھی ایک ایسی ہی سیاسی داستان بن چکا ہے جس نے نہ صرف روایتی سیاست کے جمود کو توڑا ہے، بلکہ ملک کے انتخابی نظام، سیاسی موروثیت اور حکومتی مشینری کے کردار پر بھی کئی سنجیدہ سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ گوجرانوالہ کو روایتی طور پر مسلم لیگ (ن) کا ایک ایسا ناقابلِ تسخیر قلعہ سمجھا جاتا رہا ہے جہاں کسی دوسری سیاسی قوت کا قدم جمانا جوئے شیر لانے کے مترادف تصور ہوتا تھا۔ تاہم، اس حالیہ ضمنی انتخاب کے دوران ایک ابھرتی ہوئی سیاسی جماعت، 'مرکزی مسلم لیگ' نے جس منظم اور مؤثر انداز میں اس نشست پر اپنی انٹری دی، اس نے پاکستان کے موجودہ سیاسی منظر نامے میں ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
حلقے سے منتخب ہونے والے مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی محمود بشیر ورک مرحوم کی وفات کے بعد یہ نشست خالی ہوئی تھی۔ ہماری روایتی سیاست کے مروجہ اصولوں کے تحت، حکمران جماعت نے سیاسی موروثیت کو برقرار رکھتے ہوئے وفات پانے والے رکن کے ہی صاحبزادے راشد بشیر ورک کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا۔ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کا خیال تھا کہ چونکہ یہ ان کا اپنا آبائی اور مضبوط ترین سیاسی گڑھ ہے، اس لیے انہیں کسی بڑی مزاحمت کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا اور وہ شاید یہ نشست بلا مقابلہ یا انتہائی آسانی سے جیت لیں گے۔ لیکن ان کی ان توقعات کے برعکس، سیاسی افق پر ایک نئی قوت کے طور پر ابھرنے والی جماعت مرکزی مسلم لیگ نے اپنے ایک عام لیکن انتہائی متحرک کارکن قاضی محمد ابراہیم گجر کو اس معرکے میں اتارنے کا فیصلہ کیا۔ ابتدائی مراحل میں ہی اس انتخابی مقابلے کا تناؤ اس وقت سامنے آ گیا جب قاضی ابراہیم کے کاغذات نامزدگی مسترد کروانے کی مبینہ کوششیں کی گئیں۔اس حلقے میں کل گیارہ امیدوار انتخابی میدان میں اترے۔
مرکزی مسلم لیگ کے کارکنوں میں ایک نیا جوش و خروش پیدا کر دیا اور انہوں نے ایک ایسی انتخابی مہم کا آغاز کیا جس کی مثال گوجرانوالہ کی حالیہ تاریخ میں کم ہی ملتی ہے۔انتخابی مہم کے آغاز سے ہی مرکزی مسلم لیگ نے جارحانہ لیکن عوامی سطح پر رابطوں کی حکمت عملی اپنائی۔ایک ایک دن میں چھ، چھ جلسے اور کارنر میٹنگز کا انعقاد کیا گیا۔ ان میٹنگز نے گلی محلوں اور دیہاتوں کی سطح پر عوام کو متحرک کرنا شروع کر دیااس مہم کی خاص بات یہ تھی کہ اس میں مرکزی اور مقامی قیادت نے کندھے سے کندھا ملا کر کام کیا۔ سیکرٹری جنرل سیف اللہ قصوری، نائب صدور حافظ طلحہ سعید اور حافظ عبدالرؤف، صدر مرکزی مسلم لیگ خالد مسعود سندھو، مرکزی ترجمان فیصل ندیم، پنجاب کے صدر ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی، شیخ فیاض احمد، تابش قیوم، حارث ڈار، اور خالد نیک گجر سمیت تمام رہنماؤں نے عوام کے دروازوں پر جا کر ان سے رابطہ کیا۔
اس انتخابی مہم میں ایک انتہائی اہم اور فیصلہ کن موڑ اس وقت آیا جب دیگر سیاسی جماعتوں کے مقامی رہنماؤں نے بھی حکومتی امیدوار کے مقابلے میں مرکزی مسلم لیگ کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کرنا شروع کر دیا۔ مسلم لیگ (ق) کے ضلعی صدر اسحاق گجر اور نمبردار طفیل جیسی شخصیات کا قاضی ابراہیم کے حق میں دستبردار ہونا یا ان کی حمایت کرنا اس بات کا غماز تھا کہ مقامی سطح پر ایک وسیع تر اپوزیشن اتحاد جنم لے رہا ہے۔ مرکزی مسلم لیگ کی قیادت نے اس حمایت پر چوہدری سالک حسین اور ق لیگ کی قیادت کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا۔اس عوامی پذیرائی کا عروج 6 نومبر کو قلعہ دیدار سنگھ میں ہونے والا مرکزی مسلم لیگ کا وہ پاور شو تھا، جس نے تمام سیاسی تجزیہ کاروں کو حیران کر دیا۔ حکومتی مشینری کی جانب سے اس جلسے کو مبینہ طور پر ناکام بنانے کے لیے مختلف ہتھکنڈے استعمال کیے گئے، لیکن اس کے باوجود وہاں جمع ہونے والے ہزاروں افراد کے ہجوم نے یہ ثابت کر دیا کہ حکمران جماعت کے لیے اب یہ انتخاب کوئی تر نوالہ نہیں رہا۔
عوامی سطح پر مرکزی مسلم لیگ کی اس تیزی سے بڑھتی ہوئی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی صفوں میں واضح طور پر بے چینی محسوس کی جانے لگی۔ ایک ایسی نشست جسے وہ اپنا پیدائشی حق سمجھتے تھے، وہاں انہیں ایک سخت مقابلے کا سامنا تھا۔ اس بوکھلاہٹ کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ن لیگ کو اپنی انتخابی مہم بچانے کے لیے درجنوں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کو حلقے میں طلب کرنا پڑا۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ سرکاری وسائل اور ہیلی کاپٹر کا استعمال کرتے ہوئے حلقے کے دورے پر پہنچ گئے، جو کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی صریحاً خلاف ورزی تھی۔ اس اقدام پر الیکشن کمیشن آف پاکستان کو بھی حرکت میں آنا پڑا اور انہوں نے وفاقی وزیر سے جواب طلب کر لیا۔ حکومتی وزراء اور ایم این ایز کا اس طرح ایک حلقے میں جمع ہونا مرکزی مسلم لیگ کے اس بیانیے کو مزید تقویت دے رہا تھا کہ روایتی سیاستدان عوام کی طاقت سے خوفزدہ ہو چکے ہیں اور اب وہ ریاستی مشینری کے ذریعے الیکشن کو مینیج کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
بالآخر 8 نومبر کو پولنگ کا دن آن پہنچا، جو اس تمام سیاسی گہما گہمی، الزامات اور تنازعات کا مرکز ثابت ہوا۔ پولنگ کے آغاز پر ہی دونوں جماعتوں کے کیمپوں کا موازنہ کیا گیا ن لیگ کے پولنگ کیمپوں پر ویرانی چھائی ہوئی تھی جبکہ مرکزی مسلم لیگ کے کیمپوں پر ووٹرز کا بے پناہ رش تھا۔ امیدوار قاضی ابراہیم اور ان کے حامیوں کا مورال انتہائی بلند تھا اور وہ اسے اپنی واضح فتح قرار دے رہے تھے۔ لیکن جیسے جیسے دن چڑھا، حالات تیزی سے تبدیل ہونا شروع ہو گئے۔ اپوزیشن اور آزاد مبصرین کی جانب سے دھاندلی اور انتخابی بے ضابطگیوں کی سنگین شکایات سامنے آنے لگیں۔ مرکزی مسلم لیگ کے دعوؤں کے مطابق، حکومتی اراکین اسمبلی جن میں سائرہ افضل تارڑ، ایم پی اے قدسیہ بتول اور بلال فاروق تارڑ شامل ہیں، نے پروٹوکول کے ساتھ پولنگ سٹیشنز کے دورے کیے اور انتخابی عمل پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی۔ ایم پی اے قدسیہ بتول کی منڈیالہ تیگہ پولنگ سٹیشن کے اندر موجودگی کی تصاویر بھی منظر عام پر آئیں، جس پر مرکزی مسلم لیگ کے ترجمان فیصل ندیم نے الیکشن کمیشن کی خاموشی پر شدید تنقید کی۔ اس سے بھی زیادہ سنگین نوعیت کے الزامات اس وقت سامنے آئے جب راہوالی کے گورنمنٹ پرائمری سکول نمبر 2 کے پولنگ سٹیشن نمبر 36 اور 37 سے 500 بیلٹ پیپرز کے غائب ہونے کی خبریں گردش کرنے لگیں۔ پریزائیڈنگ افسران مبینہ طور پر ووٹرز کی موجودگی کے بغیر ہی بیلٹ پیپرز پر مہریں لگاتے پائے گئے اور انگوٹھے کے نشانات بھی ثبت نہیں کیے گئے۔ اس کے ساتھ ہی یہ الزامات بھی عائد کیے گئے کہ پولنگ سٹیشنز کے اندر تعینات پولیس اہلکار اپنی غیر جانبدارانہ ڈیوٹی سرانجام دینے کے بجائے حکومتی امیدوار کی مہم چلاتے رہے اور ووٹرز پر ن لیگ کو ووٹ ڈالنے کے لیے دباؤ ڈالتے رہے۔ ووٹرز کے لیے اچانک اور بغیر کسی پیشگی اطلاع کے پولنگ سٹیشنز تبدیل کر دیے گئے، اور اپوزیشن کے پولنگ ایجنٹس کو مبینہ طور پر گنتی کے عمل سے باہر نکال دیا گیا۔ یہ تمام تر واقعات ایک شفاف اور منصفانہ انتخابی عمل پر ایک بہت بڑا سوالیہ نشان تھے۔
پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد جب نتائج مرتب کرنے کا مرحلہ آیا، تو تنازع نے مزید شدت اختیار کر لی۔ سرکاری نتائج کے مطابق حکومتی امیدوار کو کامیاب قرار دیا گیا، لیکن مرکزی مسلم لیگ نے ان نتائج کو مکمل طور پر مسترد کر دیا۔ انتخاب کے اگلے ہی دن، مقامی ہوٹل میں امیدوار قاضی ابراہیم، ڈپٹی سیکرٹری جنرل خالد نیک گجر، انجینئر حارث ڈار، تابش قیوم، ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی اور فیصل ندیم نے ایک مشترکہ اور تفصیلی پریس کانفرنس کی، جس میں انہوں نے مقامی اور قومی میڈیا کے سامنے دھاندلی کے مبینہ ویڈیو ثبوت پیش کیے۔ ترجمان فیصل ندیم کا مؤقف تھا کہ 283 پولنگ سٹیشنز سے موصول ہونے والے فارم 45 کے مطابق قاضی ابراہیم 25,377 ووٹ حاصل کر کے واضح برتری پر تھے، جبکہ ن لیگ کے امیدوار کے ووٹ تقریباً 24 ہزار تھے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ جب حکمران جماعت کو اپنی شکست نظر آئی تو دور دراز کے علاقوں اور غائب کیے گئے بیلٹ بکسوں کے ذریعے راتوں رات نتائج تبدیل کر دیے گئے۔ انہوں نے الیکشن سے قبل ہی فارم 45 پر دستخط کروائے جانے اور امیدوار قاضی ابراہیم کو مختلف پولنگ سٹیشنز کا دورہ کرنے سے روکے جانے کو بھی منظم دھاندلی کا حصہ قرار دیا۔ اس موقع پر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ہم نے یہ الیکشن جیت لیا ہے اور ہم کسی صورت اپنی یہ سیٹ نہیں چھوڑیں گے، بلکہ اپنا حق لینے کے لیے سڑکوں سے لے کر عدالتوں تک ہر فورم پر جائیں گے۔
اس پریس کانفرنس کے بعد دونوں جماعتوں کے درمیان بیانیے کی ایک شدید جنگ چھڑ گئی۔ پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے مرکزی مسلم لیگ پر دھاندلی کا الزام عائد کیا اور دعویٰ کیا کہ ویڈیو میں نظر آنے والا شخص مرکزی مسلم لیگ کا کارکن ہے۔ تاہم، مرکزی مسلم لیگ نے فوری طور پر جوابی وار کرتے ہوئے اس دعوے کو جھوٹا قرار دیا اور شواہد کے ساتھ ثابت کیا کہ وہ شخص ان کا کارکن نہیں بلکہ سرکاری پریزائیڈنگ افسر، شاہد، تھا جس کی آڈیو بھی میڈیا کو سنائی گئی۔ فیصل ندیم نے پنجاب حکومت کو چیلنج کیا کہ وہ اس آڈیو کا فرانزک کروا لے تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو سکے۔ انہوں نے عظمیٰ بخاری کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی معلومات درست کریں اور اپنی ٹیم تبدیل کریں جو انہیں غلط بریفنگ دے رہی ہے۔ معاملات اس وقت مزید تلخ ہو گئے جب خود وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اس معاملے پر بیان دیا اور مرکزی مسلم لیگ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ اس پر صدر مرکزی مسلم لیگ خالد مسعود سندھو نے ایک پریس کانفرنس کے ذریعے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب سے اپنے بے بنیاد الزامات پر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔
مرکزی مسلم لیگ کے امیدوار نے یہ معاملہ الیکشن کمیشن تک پہنچایا۔ قاضی ابراہیم کی جانب سے دائر کی گئی درخواست پر چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی۔ سماعت کے دوران مرکزی مسلم لیگ کے وکیل نے کمیشن کے سامنے انتہائی اہم اور تشویشناک حقائق پیش کیے۔ انہوں نے بتایا کہ ریٹرننگ افسر کی جانب سے 20 بیلٹ بکس (کتابیں) جاری کی گئی تھیں لیکن پریزائیڈنگ افسران کو اس سے کم تعداد موصول ہوئی، جس کا واضح مطلب تھا کہ راستے میں ہی بیلٹ پیپرز کی خرد برد کی گئی۔ اس کے علاوہ، ایک پریزائیڈنگ افسر کی جانب سے بوگس ووٹ ڈالے جانے کے اعتراف کا حلفیہ بیان بھی کمیشن میں جمع کروایا گیا۔ وکیل نے یہ بھی شکایت کی کہ ریٹرننگ افسر نے نتائج مرتب کرتے وقت اپوزیشن امیدوار کو کوئی نوٹس جاری نہیں کیا اور نہ ہی انہیں شواہد پیش کرنے کا موقع دیا۔ الیکشن کمیشن نے ان تمام الزامات کی سنگینی کو محسوس کرتے ہوئے ریٹرننگ افسر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔ سماعت کے بعد خالد مسعود سندھو نے میڈیا سے گفتگو میں ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ دھاندلی کے خلاف اس کیس کو اس کے منطقی اور حتمی انجام تک پہنچا کر دم لیں گے۔
مرکزی مسلم لیگ نے گوجرانوالہ جیسے ن لیگ کے مضبوط گڑھ میں جس طرح ایک منظم، پرامن اور مؤثر انتخابی مہم چلائی، وہ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں ایک غیر معمولی واقعہ ہے۔ ایک ایسی جماعت جس نے 2024 میں ہی سیاسی میدان میں قدم رکھا ہو، اس کی جانب سے اتنی بڑی تعداد میں ووٹ حاصل کرنا اور حکمران جماعت کو پسینے لا دینا، اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام اب پرانے چہروں اور موروثی سیاست سے اکتا چکے ہیں۔ لوگ اب ان لوگوں کو آزمانا چاہتے ہیں جو ان کے درمیان رہتے ہیں، ان کے دکھ درد سمجھتے ہیں اور جو محض الیکشن کے دنوں میں ڈرائنگ رومز سے باہر نہیں نکلتے۔
حلقہ این اے 77 کا یہ ضمنی انتخاب پاکستان کے سیاسی منظر نامے میں ایک کیس سٹڈی کی حیثیت اختیار کر گیا ہے۔ اس نے روایتی سیاستدانوں کو یہ واضح پیغام دیا ہے کہ وہ عوام کی وفاداری کو اپنی ذاتی جاگیر نہیں سمجھ سکتے۔ جب زمینی سطح پر کام کرنے والی، خدمت پر یقین رکھنے والی اور منظم قیادت عوام کے سامنے ایک متبادل کے طور پر آتی ہے، تو بڑے بڑے سیاسی بت پاش پاش ہو سکتے ہیں۔ مرکزی مسلم لیگ کی جانب سے انتخابی نتائج کے بعد جس طرح ڈٹ کر قانونی اور آئینی جنگ لڑی جا رہی ہے، وہ اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ وہ سیاست برائے سیاست نہیں کر رہے، بلکہ وہ نظام میں ایک حقیقی تبدیلی کے خواہاں ہیں۔ اب یہ الیکشن کمیشن اور عدالتی نظام کا امتحان ہے کہ وہ ان شکایات کا کس طرح ازالہ کرتے ہیں۔ اگر ان الزامات کو دبا دیا گیا اور منصفانہ تحقیقات نہ کی گئیں، تو اس سے نہ صرف انتخابی عمل پر عوام کا اعتماد مزید کمزور ہوگا بلکہ مستقبل میں تصادم اور مایوسی کی سیاست کو بھی فروغ ملے گا۔ مجموعی طور پر دیکھا جائے تو، سیٹ کا نتیجہ جو بھی نکلے، این اے 77 کے عوام نے خاموشی کا وہ خول توڑ دیا ہے جس میں انہیں دہائیوں سے قید رکھا گیا تھا۔
مزید پڑھیں




