پیر، 2 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

لوئر چترال کے سرکاری سکولوں کے لیے ڈیجیٹل پورٹل کا باضابطہ افتتاح

مصنف:

چترال( فتح اللہ ) ڈپٹی کمشنر لوئر چترال احسان اللہ کے وژن اور خصوصی سرپرستی میں تیار کردہ ’’لوئر چترال ڈیجیٹل سکولز پورٹل‘‘ کا یکم نومبر 2026ء کو باضابطہ افتتاح کر دیا گیا۔ اس جدید ڈیجیٹل نظام کا مقصد ضلع بھر کے سرکاری سکولوں کے تعلیمی اور انتظامی امور کو ایک مربوط پلیٹ فارم پر منتقل کرنا اور تعلیمی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔


’’Lower Chitral Digital Schools – Unified District Education & Learning Management Portal‘‘ کے تحت ضلعی انتظامیہ، محکمہ تعلیم کے افسران، اساتذہ اور والدین کے لیے چار علیحدہ پورٹلز متعارف کرائے گئے ہیں، جن میں سکولوں اور طلبہ کا مستند ڈیٹا شامل کیا گیا ہے۔


اس ڈیجیٹل نظام کے ذریعے سکولوں کی مجموعی کارکردگی، طلبہ اور اساتذہ کی حاضری، ہوم ورک، امتحانی نتائج اور تعلیمی پیش رفت کی نگرانی ممکن ہو سکے گی، جبکہ اساتذہ کی تدریسی ذمہ داریوں، سکولوں کے انتظامی امور اور پی ٹی سی فنڈز کے ریکارڈ کو بھی ڈیجیٹل طور پر مرتب اور مانیٹر کیا جا سکے گا۔ والدین بھی اس پلیٹ فارم کے ذریعے اپنے بچوں کی حاضری، ہوم ورک اور امتحانی نتائج سے باخبر رہ سکیں گے۔


اس موقع پر ڈپٹی کمشنر احسان اللہ نے کہا کہ تعلیمی نظام میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال شفافیت، جوابدہی اور مؤثر نگرانی کے فروغ کے لیے انتہائی اہم ہے۔ اس اقدام کا مقصد سرکاری سکولوں کی کارکردگی بہتر بنانا، بروقت معلومات کی دستیابی یقینی بنانا اور طلبہ کی تعلیمی پیش رفت کی مؤثر نگرانی کرنا ہے۔


یہ منصوبہ دفتری کاغذی کارروائی میں کمی، تعلیمی امور میں شفافیت، بہتر فیصلہ سازی اور لوئر چترال کے سرکاری تعلیمی نظام کو ڈیجیٹل دور سے ہم آہنگ کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔