اوکاڑہ: نئی فوڈ اسٹریٹ کی تکمیل، ٹریفک حادثات کی روک تھام بارے اجلاس،ستھرا پنجاب آپریشن جاری
اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز احمد سلیم چشتی کا نئی فوڈ سٹریٹ میں سامان کی شفٹنگ کے عمل کا جائزہ، اس موقع پر متعلقہ کنٹریکٹر، انجینئرز اور دکانداروں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ انہوں نے فوڈ سٹریٹ کی فعال سازی کے لیے دکانوں میں سامان کی شفٹنگ کا جائزہ لیا۔ اس دوران انہیں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ فوڈ سٹیٹ کی دکانوں کا کام اخری مراحل میں ہے اور دکانوں میں سامان کی شفٹنگ کا اغاز کر دیا گیا ہے جو چند دن میں مکمل ہو جائے گا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز احمد سلیم چشتی نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام ضروری سامان کی دکانوں میں شفٹنگ اور دیگر کاموں کو ترجیحی بنیادوں پر جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ فوڈ سٹریٹ کو فوری طور پر شہریوں کے لیے فعال کیا جا سکے۔ احمد سلیم چشتی نے مزید کہا کہ اوکاڑہ میں جدید فوڈ سٹریٹ کے قیام سے شہریوں کو معیاری اور حفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق خوراک اور بہترین تفریحی ماحول میسر آئے گا۔ اس لیے تمام دکاندار اپنا سامان بلامعطل اور فوری طور پر شفٹ کریں۔انہوں کے کہا کہ ضلعی انتظامیہ تمام مراحل کی خود نگرانی کر رہی ہے تاکہ دکانداروں اور شہریوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
اوکاڑہ: ٹریفک حادثات کے ہاٹ اسپاٹس کی نشاندہی اور مہلک حادثات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں ، ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی
ڈی پی او کی زیرِ صدارت اوور لوڈنگ کی روک تھام اور ٹریفک سیفٹی کے حوالے سے مشترکہ اجلاس
اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر ) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اوکاڑہ ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی کی زیرِ صدارت اوور لوڈنگ کی روک تھام اور ٹریفک سیفٹی کو یقینی بنانے کے حوالے سے مشترکہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ٹریفک پولیس، موٹروے پولیس، پنجاب ہائی وے پٹرول، محکمہ ایکسائز، ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) کے افسران اور شوگر ملز کے مالکان نے شرکت کی۔
اجلاس میں کرشنگ سیزن کے دوران گنے سے لدی ٹریکٹر ٹرالیوں پر مقررہ گنجائش سے زائد وزن لادنے کی روک تھام، ٹریفک حادثات سے بچاؤ اور شاہراہوں پر محفوظ سفری ماحول کی فراہمی کے لیے مختلف اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ اوور لوڈنگ کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات یقینی بنائے جائیں اور مقررہ وزن کی پابندی پر عملدرآمد کروایا جائے۔ اس سلسلے میں کسان یونین کے رہنماؤں اور گڈز ٹرانسپورٹرز سے ملاقاتیں کرکے انہیں اوور لوڈنگ کے نقصانات، ٹریفک سیفٹی اور قانونی تقاضوں کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
اجلاس میں ٹریکٹر ٹرالیوں کے عقب میں ریفلیکٹنگ اسٹیکرز لگوانے کی ہدایت کی گئی، تاکہ رات کے وقت اور کم روشنی میں دیگر گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو ٹریکٹر ٹرالیوں کی بہتر انداز میں نشاندہی ہو سکے اور ممکنہ ٹریفک حادثات سے بچاؤ ممکن بنایا جا سکے۔
اس موقع پر ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے کہا کہ چند روپوں کا منافع قیمتی انسانی جانوں سے بڑھ کر نہیں، لہٰذا اوور لوڈنگ سے اجتناب کیا جائے۔ ٹریفک قوانین کی پابندی اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ مقررہ گنجائش سے زیادہ وزن لادنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے اوور لوڈنگ کی روک تھام اور محفوظ ٹریفک کے لیے اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کریں۔
اوکاڑہ: ستھرا پنجاب ایجنسی کے تحت تحصیل بھر میں صفائی ستھرائی کا گرینڈ آپریشن جاری
اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن ستھرا پنجاب کے تحت ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ محمد اکرام ملک اور مینجنگ ڈائریکٹر ستھرا پنجاب ایجنسی اوکاڑہ احمد سلیم چشتی کی مشترکہ ہدایات پر تحصیل بھر میں صفائی ستھرائی کا گرینڈ آپریشن جاری ہے صفائی آپریشن کی قیادت ڈسٹرکٹ مینیجر علی رضا، سارکو سی ای او جہانگیر حسین، ایم ڈی ملک حسن سردار اور پروجیکٹ ڈائریکٹر ملک زین اشفاق کر رہے ہیں جبکہ سارکو پروجیکٹ مینیجر محمد رضوان ظفر اور تحصیل مینیجر ارسلان احمد آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں گرینڈ آپریشن کے دوران مینول سویپنگ، مکینیکل سویپنگ، گھر گھر سے کوڑا کرکٹ جمع کرنے، نالیوں کی صفائی و ڈی سلٹنگ، مکینیکل واشنگ، کوڑے کے کنٹینرز کی لفٹنگ، مشینری کے ذریعے صفائی، اہم شاہراہوں اور چوکوں کی دھلائی، پانی کے چھڑکاؤ اور کوڑا کرکٹ کی بروقت منتقلی سمیت مختلف صفائی سرگرمیاں جاری ہیں اس کے علاوہ شہری و دیہی علاقوں میں صفائی کے نظام کو مؤثر بنانے اور عوامی مقامات کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں ستھرا پنجاب ایجنسی اور سارکو ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی ٹیمیں فیلڈ میں متحرک ہیں تاکہ صفائی کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے اور شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے
اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)یوم سیاہ کے موقع پر ڈی سی آفس سے ٹینک چوک تک ریلی کا انعقاد، ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک نے ریلی کی قیادت کی۔ یومِ سیاہ ریلی میں ضلعی انتظامیہ اور دیگر محکموں کے افسران نے سیاہ پٹیاں باندھ کر شرکت کی۔ ریلی میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد اور طلباء نے بھی بھرپور شرکت کی۔ شرکا نے کشمیری عوام کے حق میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔ ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک نے کہا کہ یوم سیاہ ریلی کا مقصد کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار ہے۔ پورا ملک 27 اکتوبر 1947 کے بھارتی ظالمانہ اقدام کے خلاف سراپا احتجاج ہے۔ محمد اکرام ملک نے کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی اور حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھیں گے۔ عالمی برادری کشمیری عوام کو ان کے بنیادی حقوق دلوانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک نے مزید کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی اور حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھیں گے۔ وہ دن دور نہیں جب کشمیر کی ازادی کی جدوجہد رنگ لائے گی۔
مزید پڑھیں




