اوکاڑہ، ڈی سی کا رات گئے ڈی ایچ کیو سٹی ہسپتال کا دورہ
اوکاڑہ(نامہ نگار ملک ظفر)پنجاب آرٹس کونسل کے زیر اہتمام گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج میں شاعر مشرق علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کے یوم ولادت کے سلسلہ میں سیمینار اور مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز رائے ناصر زمان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور پرنسپل گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج سردار علی حیدر ڈوگر نے بطور مہمان اعزاز تقریب میں شرکت کی جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر پنجاب آرٹس کونسل زاہد عقیل، اساتذہ کرام اور طلباء کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ تقریب کے دوران ماہر اقبالیات پروفیسر ڈاکٹر اظہر رضا اقبالی نے علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کی شخصیت، فکر و فلسفے، شاعری اور قومی و ملی خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کا کلام نوجوان نسل کے لیے خودی، خود اعتمادی، بلند حوصلے اور عملی جدوجہد کا پیغام ہے۔ اس موقع پر منعقدہ مشاعرے میں شرکاء اور طلباء نے علامہ اقبال کے کلام سے منتخب اشعار پیش کرکے محفل کو خوبصورت ادبی رنگ دیا اور حاضرین سے خوب داد وصول کی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز رائے ناصر زمان نے کہا کہ علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کی شاعری نوجوان نسل کے لیے فکری رہنمائی اور عملی زندگی میں کامیابی کا بہترین ذریعہ ہے۔ اقبال کا پیغام خودی، خود اعتمادی، بلند حوصلے اور مسلسل محنت کا درس دیتا ہے، جسے اپنا کر نوجوان اپنی صلاحیتوں کو نکھار سکتے ہیں۔ تعلیمی اداروں میں یوم اقبال کے حوالے سے ایسی تقریبات کا انعقاد طلباء میں ادبی ذوق، قومی شعور اور اپنی تہذیبی و فکری شناخت سے وابستگی کو فروغ دیتا ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر پنجاب آرٹس کونسل زاہد عقیل نے کہا کہ پنجاب آرٹس کونسل ادبی و ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ اور نئی نسل کو اپنے عظیم شعراء اور ادبی ورثے سے روشناس کروانے کے لیے سرگرم عمل ہے۔ علامہ اقبال کا کلام محض شاعری نہیں بلکہ ایک مکمل فکری تحریک ہے جو نوجوانوں کو خود شناسی، بلند نظری اور مقصد حیات کا شعور عطا کرتی ہے۔ یوم اقبال کے موقع پر سیمینار اور مشاعرے کا انعقاد نوجوانوں میں ادب و ثقافت سے محبت پیدا کرنے اور اقبال کے پیغام کو نئی نسل تک پہنچانے کی مؤثر کاوش ہے۔
اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر محمد کرام ملک کا صحت سہولیات کی چیکنگ کے لیے رات گئے ڈی ایچ کیو سٹی ہسپتال کا وزٹ، شعبہ ایمرجنسی اور میڈیکل وارڈ سمیت دیگر شعبہ جات میں مریضوں کی عیادت اور خیریت دریافت کی اور ہسپتال انتظامیہ اور ڈاکٹرز سے مریضوں کو فراہم کی جانے والی میڈیکل سروسز بارے استفسار کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کو مریضوں کی تشخیص اور بہترین علاج کی ہدایات دیں۔ ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک نے کہا کہ ہسپتال میں مریضوں کی دیکھ بھال کے لیے ڈاکٹرز وارڈز کے تواتر سے وزٹس کریں۔ ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک نے کہا کہ مریضوں کے علاج معالجہ میں کوئی کوتاہی ہرگز نہیں ہونی چاہیے۔ ہسپتال کے تمام شعبہ جات کی صفائی ستھرائی اور میڈیکل سروسز کی موثر نگرانی کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں معیاری طبی سہولیات کے ویژن کے تحت مریضوں کا خیال رکھا جائے۔ مزید برآں ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک نے غوثیہ چوک میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا اور عوامی سہولت کے پیش نظر انہیں جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔
مزید پڑھیں




