Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ محمد اکرام ملک کا گورنمنٹ ایم سی ہائی سکول کا دورہ

مصنف:

اوکاڑہ(نامہ نگار ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ محمد اکرام ملک نے گورنمنٹ ایم سی ہائی سکول کا دورہ، انہوں نے سکول میں تدریسی عمل کا معائنہ کیا اور تعلیمی معیار و سہولیات کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے سکول انتظامیہ کو ہدایت کی کہ فروغِ تعلیم کے لیے جاری اقدامات کا سلسلہ بلاتعطل جاری رکھا جائے۔ انہوں نے معیاری تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے مانیٹرنگ کے مؤثر اور شفاف میکانزم پر زور دیا تاکہ تمام اساتذہ اور عملہ اپنے فرائض تندہی سے سرانجام دے سکیں۔ کلاس رومز میں سہولیات اور تدریسی عمل کا بھی معائنہ کیا اور طلبا کو حصولِ علم کے ساتھ ساتھ اپنی کیریئر بلڈنگ پر خصوصی فوکس کرنے کی تاکید کی۔ اس موقع پر انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ بچوں کی صرف نصابی تعلیم پر ہی توجہ نہ دیں بلکہ ان کی اخلاقی تربیت اور شخصیات کو نکھارنے میں بھی اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔ ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک نے کہا کہ طلبا کو چاہیے کہ وہ حصولِ علم کو محض پاس ہونے تک محدود نہ رکھیں بلکہ اپنے روشن مستقبل اور کیریئر بلڈنگ پر خصوصی فوکس کریں۔ اساتذہ قوم کے معمار ہیں، انہیں چاہیے کہ وہ طلبا کو زیورِ تعلیم سے آراستہ کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی کردار سازی اور تربیت نکھارنے پر بھی مکمل توجہ دیں۔


اوکاڑہ،خواتین کے لیے ووٹر آگاہی سیشن کا انعقاد،

اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)ڈسٹرکٹ ووٹرز ایجوکیشن کمیٹی کے زیرِ اہتمام خواتین کے لیے ووٹر آگاہی سیشن کا انعقاد، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر میاں محمد اسلم کی زیر صدارت سنعت زار میں خواتین کے لیے ووٹر رجسٹریشن اور ووٹر آگاہی کے حوالے سے ایک خصوصی آگاہی سیشن منعقد ہوا۔ آگاہی سیشن ڈسٹرکٹ ووٹرز ایجوکیشن کمیٹی کے پانچ ماہ کے آگاہی کیلنڈر کے تحت منعقد کیا گیا، جس کا مقصد خواتین میں انتخابی عمل میں شرکت، ووٹر رجسٹریشن اور قومی شناختی کارڈ کی اہمیت کے بارے میں شعور اجاگر کرنا تھا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر میاں محمد اسلم نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمہوری عمل میں مؤثر شرکت کے لیے ووٹر کا رجسٹرڈ ہونا اور قومی شناختی کارڈ کا حصول بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے خواتین پر زور دیا کہ وہ اپنے ووٹ کے حق سے آگاہ رہیں اور انتخابی عمل میں اپنی شرکت کو یقینی بنائیں۔ سیشن کے دوران شرکاء کو ووٹ کے اندراج، ووٹ کی اہمیت، انتخابی عمل اور خواتین کی انتخابی شرکت کے حوالے سے آگاہی فراہم کی گئی۔ شرکاء کی جانب سے مختلف سوالات بھی کیے گئے، جن کے جوابات متعلقہ افسران اور مقررین نے دیے۔ سیشن میں خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مقررین نے اس امر پر بھی زور دیا کہ معاشرے کے تمام طبقات کی انتخابی عمل میں شمولیت ایک جامع جمہوری نظام کے لیے اہم ہے۔