اوکاڑہ: ڈپٹی کمشنر کا ہسپتال کا دورہ، سموگ کے تدارک کے لیے صفائی و آگاہی مہم جاری
اوکاڑہ(نامہ نگار ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو کوالٹی میڈیکل سروسز کی فراہمی کے لیے متحرک، صحت عامہ کی سہولیات کے جائزہ کے لیے ڈی ایچ کیو سٹی ہسپتال کے مختلف شعبوں کا دورہ، ڈپٹی کمشنر نے مختلف شعبہ جات میں مریضوں اور لواحقین سے طبی سہولیات بارے استفسار کیا اور مریضوں سے مفت ادویات کی فراہمی اور علاج معالجہ کے معیار بارے دریافت کیا۔ ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک نے ہسپتال انتظامیہ کو مریضوں کی بہتر دیکھ بھال یقینی بنانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مریضوں کی بروقت تشخیص اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کا عمل جاری رکھا جائے اور میڈیکل سپیشلسٹ کے تواتر سے وزٹس کے دوران مریضوں کے علاج معالجہ کا فالو اپ لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں صفائی انتظامات کی تسلسل سے مانیٹرنگ کا عمل جاری رہنا چاہیے جبکہ ہسپتال انتظامیہ پرچی کاؤنٹر سے لے کر مریضوں کے ڈسچارج تک تمام امور کی کڑی نگرانی کو یقینی بنائے۔
اوکاڑہ: سموگ کے تدارک اور فضائی آلودگی میں کمی کے لیے ستھرا پنجاب ایجنسی کی خصوصی صفائی و آگاہی مہم جاری
اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن ستھرا پنجاب کے تحت سموگ کے تدارک، فضائی آلودگی میں کمی اور شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے ستھرا پنجاب ایجنسی اوکاڑہ کی جانب سے خصوصی صفائی و آگاہی مہم بھرپور انداز میں جاری ہے ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ محمد اکرام ملک اور مینجنگ ڈائریکٹر ستھرا پنجاب ایجنسی اوکاڑہ احمد سلیم چشتی کی ہدایات پر مختلف علاقوں، اہم شاہراہوں اور عوامی مقامات پر صفائی ستھرائی کے ساتھ ساتھ سموگ سے بچاؤ کے لیے آگاہی سرگرمیاں بھی انجام دی جا رہی ہیں اس سلسلے میں شہریوں، تاجروں، طلبہ اور عوامی مقامات پر موجود افراد میں فیس ماسک اور آگاہی پمفلٹس تقسیم کیے جا رہے ہیں جن کے ذریعے شہریوں کو سموگ کے مضر اثرات، احتیاطی تدابیر اور ماحولیاتی آلودگی سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہ کیا جا رہا ہے سموگ کی شدت میں کمی اور گردوغبار کو کنٹرول کرنے کے لیے شہر کی مختلف سڑکوں پر باقاعدگی سے پانی کا چھڑکاؤ بھی کیا جا رہا ہے جبکہ مکینیکل سویپنگ، مکینیکل روڈ واشنگ، مینول سویپنگ، ڈرین کلیننگ، ویسٹ کنٹینر لفٹنگ اور دیگر صفائی سرگرمیاں بھی جاری ہیں ستھرا پنجاب ایجنسی کے متعلقہ افسران کی زیر نگرانی فیلڈ ٹیمیں مختلف علاقوں میں صفائی کے عمل کو مؤثر بنانے کے لیے متحرک ہیں ڈسٹرکٹ مینیجر علی رضا، سارکو مینجنگ ڈائریکٹر ملک حسن سردار، پروجیکٹ مینیجر محمد رضوان ظفر اور تحصیل مینیجر ارسلان احمد کی نگرانی میں عملہ صفائی اور مشینری کے ذریعے سڑکوں، بازاروں اور دیگر عوامی مقامات پر صفائی کے انتظامات یقینی بنائے جا رہے ہیں سارکو انتظامیہ کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سموگ سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں غیر ضروری طور پر کھلے مقامات پر جانے سے گریز کریں فیس ماسک کا استعمال کریں کوڑا کرکٹ اور فصلوں کی باقیات کو آگ نہ لگائیں اور ماحول کو صاف ستھرا رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں ستھرا پنجاب ایجنسی کی جانب سے تحصیل بھر کو صاف، سرسبز اور آلودگی سے پاک بنانے کے لیے صفائی و آگاہی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے
اوکاڑہ: پولیس کے تفتیشی افسران اور محرران کے لیے کاپی رائٹ، ٹریڈ مارک اور پیٹنٹ قوانین پر تربیتی ورکشاپ کا انعقاد
اوکاڑہ(نامہ نگار ملک ظفر)ڈی پی او اوکاڑہ ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی کی ہدایات پر کمیونٹی لائزون ہال، ڈی پی او آفس اوکاڑہ میں آکسفورڈ یونیورسٹی پریس پاکستان کے تعاون سے کاپی رائٹ، ٹریڈ مارک اور پیٹنٹ کے موضوع پر ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلع بھر کے تفتیشی افسران اور محرران نے شرکت کی۔
ورکشاپ کے دوران بیرسٹر بلال حیدر ملک اور سمیع اظہر نے شرکاء کو کاپی رائٹ، ٹریڈ مارک اور پیٹنٹ سے متعلق قوانین، قانونی نکات اور ان کے عملی اطلاق کے حوالے سے تفصیلی لیکچرز دیے۔ شرکاء کو ان قوانین کی اہمیت، خلاف ورزیوں کی نوعیت اور ایسے معاملات میں قانونی کارروائی کے متعلق بھی آگاہی فراہم کی گئی۔
اس موقع پر ڈی ایس پی لیگل کلیم اللہ بھی موجود تھے۔
ڈی پی او اوکاڑہ ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی کا کہنا ہے کہ پولیس افسران کی پیشہ ورانہ تربیت اور قانونی امور سے متعلق استعداد کار میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ایسے تربیتی پروگرامز سے افسران کی قانونی سمجھ بوجھ میں اضافہ اور تفتیش کے معیار کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے۔
اوکاڑہ پولیس جدید تقاضوں سے ہم آہنگ پیشہ ورانہ تربیت اور مؤثر تفتیش کے لیے ایسے اقدامات جاری رکھے گی۔


