Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

برطانیہ،پاکستانی ہائی کمشنر ٹیپو عثمان کی کشمیری وفد سے ملاقات

مصنف:

برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے پاکستان ہائی کمیشن لندن میں جموں و کشمیر سیلف ڈیٹرمینیشن موومنٹ انٹرنیشنل (JKSDMI) کے وفد کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا۔ تقریب میں تنظیم کے چیئرمین راجہ نجابت حسین، تنظیم کے سینئر عہدیداران اور کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات نے شرکت کی۔


شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ہائی کمشنر نے برطانیہ کے مختلف فورمز پر بھارت کے غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کے مسئلے کو اجاگر کرنے کے لیے جموں و کشمیر سیلف ڈیٹرمینیشن موومنٹ انٹرنیشنل اور پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کی کوششوں کو سراہا۔ہائی کمشنر نے کہا کہ جموں و کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان بنیادی تنازع ہے، جس کا پُرامن حل جنوبی ایشیا میں دیرپا امن اور استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔ہائی کمشنر نے شرکاء کو یقین دلایا کہ حکومتِ پاکستان کشمیری عوام اور ان کے حقِ خودارادیت کی جائز جدوجہد کی حمایت کے لیے اپنے عزم پر مضبوطی سے قائم ہے۔ہائی کمشنر نے کمیونٹی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ اپنے ورثے پر فخر کرتے ہوئے محنت، دیانت داری، ہم آہنگی اور باہمی احترام کی اقدار کو فروغ دینے کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں۔


اس موقع پر جموں و کشمیر سیلف ڈیٹرمینیشن موومنٹ انٹرنیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین نے کشمیری عوام اور ان کے حقِ خودارادیت کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت کو سراہا۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر اور بھارت کے غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کو اجاگر کرنے کے لیے برطانوی اراکینِ پارلیمنٹ، سیاسی رہنماؤں اور بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ مسلسل رابطوں کی اہمیت پر زور دیا۔راجہ نجابت حسین نے مسئلہ کشمیر کو پُرامن سفارتی ذرائع سے اجاگر کرنے کے لیے اپنی تنظیم کے عزم کا اعادہ کیا اور پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کے درمیان مزید اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا۔


رپورٹ۔ سید زین العابدین، لندن