پیر، 19 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

اوکاڑہ، پیرا فورس تجاوزات کے خلاف متحرک

مصنف:

اوکاڑہ(نامہ نگار ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک کی ہدایت پر پیرا فورس تجاوزات کے خلاف متحرک۔ اس سلسلہ میں سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر اصغر علی نے ٹیم کے ہمراہ 39/3 آر اڈہ میں بڑے پیمانے پر تجاوزات کے خلاف چیکنگ کی۔ اس موقع پر چیکنگ کے دوران سڑک اور عام راستوں پر تجاوزات قائم کرنے، سامان باہر رکھنے اور عوام کی نقل و حرکت میں رکاوٹ بننے والے متعدد دکانداروں کو بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔ سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر نے دکانداروں کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ عوامی سہولت کے پیش نظر خود ساختہ تجاوزات کا فوری خاتمہ کریں اور آئندہ کسی بھی قسم کے غیرقانونی قبضہ سے باز رہیں۔ انہوں نے کہا کہ 39/3 آر اڈہ میں عدم تعاون اور تجاوزات قائم کرنے والے دکانداروں کو جرمانے کیے گئے ہیں۔ مستقبل میں خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مزید سخت قانونی کاروائی اور سامان ضبطی کی جائے گی۔ سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر نے مزید کہا کہ شہریوں کو صاف ستھرا اور رکاوٹوں سے پاک ماحول فراہم کرنے کے لیے چیکنگ کا عمل جاری ہے اور عوامی راستوں پر تجاوزات کسی طور بھی جائز نہیں۔ اصغر علی نے کہا کہ شہر کی بہتری اور خوبصورتی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ تاجر برادری اور دکاندار انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ ہمیں کسی کے خلاف سخت اقدام نہ کرنا پڑے۔


اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز چوہدری عبدالجبار گجر کی زیر صدارت ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ اجلاس، اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی اور جاری اسکیموں پر جاری کام کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز چوہدری عبدالجبار گجر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کی تسلسل کے ساتھ مسلسل نگرانی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ عوامی سہولت اور پائیداری کے پیش نظر تمام منصوبوں میں معیاری میٹیریل کا استعمال ہر صورت ممکن بنایا جائے اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ چوہدری عبدالجبار گجر نے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کہ تمام جاری اسکیموں کو مقررہ مدت کے اندر بروقت مکمل کیا جائے تاکہ عوام جلد از جلد ان سے مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان تمام منصوبوں کا بنیادی مقصد عام آدمی کو سہولت اور معیار زندگی میں بہتری فراہم کرنا ہے، اس لیے عوامی فلاح کے ان کاموں میں تساہل کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ تمام متعلقہ محکمے باہمی تعاون اور بہترین حکمت عملی کے ساتھ کام کریں تاکہ کسی بھی انتظامی یا فنی رکاوٹ کو فوری دور کر کے منصوبوں کو بلا تعطل مکمل کیا جا سکے۔