Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی،این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

Balochistan-receives-first-winter-rain

محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آج ملک کے مختلف علاقوں میں 29 ستمبر تک مغربی ہواؤں کا سسٹم ملک کے بالائی علاقوں کو متاثر کرے گا۔


محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، خیبر پختونخوا، پنجاب کشمیر اور گلگت بلتستان کے بعض علاقوں میں آج رات کے وقت بادل برسنے کا امکان ہے،اس کے علاوہ راولپنڈی، مری، گوجرانوالہ، اوکاڑہ، قصور، لاہور اور منڈی بہاءالدین میں بھی چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش متوقع ہے جبکہ کئی مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔


نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف شہروں میں بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں اور برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔


محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا کے شہروں باجوڑ، بنوں، بونیر، چارسدہ، ہری پور، کرک، خیبر، کوہاٹ، کی مروت، ملاکنڈ، مردان، مہمند، نوشہرہ اور پشاور میں بھی گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ تاہم ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہ سکتا ہے۔


این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان میں استور، اسکردو، روندو، گھانچے اور شگر، جبکہ آزاد کشمیر میں نیلم ویلی، حویلی، پونچھ ، سدھنوتی اور خیبر پختونخوا کے سوات، باجوڑ، دیر، کوہستان، کولئی پالس، بٹگرام اور مانسہرہ میں سیلابی صورتحال کا خطرہ ہے۔


این ڈی ایم اے نے شہریوں کو برساتی ندی نالوں، پہاڑی نالوں اور پانی میں ڈوبی سڑکوں کو عبور کرنے سے گریز کرنے، نشیبی اور خطرے سے دوچار علاقوں میں محتاط رہنے اور حفاظتی اقدامات اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔