Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

اوکاڑہ،18فور ایل روڈ کی بحالی کا کام دوبارہ شروع

مصنف:

اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) 18 فور ایل روڈ کی تعمیر و بحالی کا کام کئی سال کے تعطل کے بعد دوبارہ شروع ہوگیا، جس پر اہل علاقہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ روڈ بحالی مشترکہ کمیٹی کی مسلسل کوششوں اور متعلقہ حکام سے رابطوں کے نتیجے میں سڑک پر تعمیراتی سرگرمیاں دوبارہ شروع ہونے پر اہل علاقہ نے اطمینان کا اظہار کیا۔

اس موقع پر اہل علاقہ نے ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ میاں یاور زمان، ایم پی اے چوہدری ریاض الحق جج ایم این اے اور ایکسین ہائی وے مہر مبارک کا شکریہ ادا کیا۔ علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ 18 فور ایل روڈ کی تعمیر و بحالی ان کا دیرینہ مطالبہ تھا، جس پر عملی پیش رفت شروع ہونے سے آمدورفت کے مسائل کے حل کی امید پیدا ہوئی ہے۔

روڈ پر کام دوبارہ شروع ہونے کی خوشی میں سماجی کارکن ملک خالد یعقوب نے اپنے دوستوں اور اہل علاقہ میں مٹھائی تقسیم کی۔ اس موقع پر روڈ بحالی مشترکہ کمیٹی کے کارکنان کی کاوشوں کو بھی سراہا گیا اور ان کا شکریہ ادا کیا گیا۔

تقریب میں علاقے کے معززین اور اہل علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے امید ظاہر کی کہ سڑک کا تعمیراتی کام مقررہ معیار کے مطابق جلد مکمل کیا جائے گا، جس سے علاقے کے مکینوں کو آمدورفت کی مشکلات سے نجات ملے گی۔