اوکاڑہ میں صفائی آپریشن تیز، پٹرول پمپس کی ناپ تول کی چیکنگ جاری

اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک کی ہدایت پر شہر کے پارکس کی دیکھ بھال اور صفائی کے اقدامات تیز، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر وسیم جاوید کی زیر نگرانی شہریوں کو بہترین تفریحی سہولیات اور پاک صاف ماحول کی فراہمی کے لیے شہر بھر کے پارکس اور رہائشی علاقوں کی صفائی ستھرائی اور دیکھ بھال کا کام تیز کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر وسیم جاوید خود فیلڈ میں موجود ہیں اور صفائی کے تمام عمل کی نگرانی کر رہے ہیں۔ حکومتی احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے امیر کالونی سے ملبہ اٹھانے اور جمع شدہ پانی کی فوری نکاسی کا کام بلا تعطل جاری ہے، تاکہ علاقہ مکینوں کو درپیش مسائل کا حل ممکن ہو سکے۔ اس کے علاوہ صابری کالونی پارک کی صفائی اور پارک سے ملبہ ہٹانے کے لیے بھی ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر وسیم جاوید نے کہا ہے کہ شہر کو خوبصورت بنانے اور عوام کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ صفائی کے ان اقدامات سے نہ صرف شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا بلکہ شہریوں کو معیاری تفریحی سہولیات بھی میسر آئیں گی۔
اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک کی ہدایت پر پٹرولیم مصنوعات کے ناپ تول کی چیکنگ کا عمل جاری، ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز خالد جاوید بھٹی کی زیر نگرانی عوام الناس کو پٹرولیم مصنوعات کی درست مقدار اور قیمتوں پر فراہمی یقینی بنانے کے لیے انڈسٹریز، پرائسز، ویٹ اینڈ مئیرز ڈیپارٹمنٹ متحرک ہے۔ اس سلسلہ میں ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز خالد جاوید بھٹی کی زیر نگرانی ٹیم نے شہر کے مختلف پٹرول پمپس کا کی چیکنگ کی اور ناپ تول کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر پٹرول پمپس کے ڈسپنسنگ یونٹس اور نوزلز کو معیاری پیمانوں کے ذریعے چیک کیا گیا تاکہ صارفین کو پیمانے میں کسی قسم کی کمی یا ہیر پھیر کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ خلد جاوید بھٹی نے ہدایت کی کہ مقررہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز قانونی کاروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں ناپ تول کے نظام کو شفاف بنانے کے لیے سرپرائز انسپکشنز کا سلسلہ جاری رہے گا تاکہ عوام کا استحصال روک کر ان کے حقوق کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔
مزید پڑھیں





