بابا گورونانک دیو جی کے 557ویں جنم دن کی تقریبات، دنیا بھر سے سکھ یاتریوں کی پاکستان آمد متوقع
ننکانہ صاحب: سکھ مذہب کے بانی بابا گورونانک دیو جی کے 557ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے دنیا بھر سے سکھ یاتری پاکستان پہنچیں گے۔ 22 نومبر کو بھارت سے تقریباً 3 ہزار سکھ یاتریوں کی آمد متوقع ہے۔
ننکانہ صاحب میں واقع تاریخی گوردوارہ جنم استھان کو برقی قمقموں اور خوبصورت سجاوٹ سے آراستہ کرنے سمیت سکھ یاتریوں کے استقبال کے لیے تیاریاں جاری ہیں۔ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی جانب سے سیکیورٹی، رہائش، لنگر اور سفری سہولیات سمیت تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ کا کہنا ہے کہ سکھ یاتری پاکستان کے معزز مہمان ہیں، ان کے استقبال اور بہترین مہمان نوازی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
بابا گورونانک دیو جی کے جنم دن کی تقریبات کے موقع پر ننکانہ صاحب میں دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتری مذہبی رسومات ادا کریں گے۔
مزید پڑھیں





