Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

برطانیہ: آر اے ایف مولز ورتھ فضائی اڈے میں داخلے کے شبے میں دو افراد گرفتار

مصنف:

لندن: برطانیہ کے شہر کیمبرج کے قریب رائل ایئر فورس (آر اے ایف) کے فضائی اڈے مولز ورتھ میں داخلے کے شبے میں دو افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار افراد کی عمریں 36 اور 32 سال ہیں اور دونوں کا تعلق لٹویا سے ہے، جبکہ وہ برطانیہ میں مقیم ہیں۔


برطانوی وزارت دفاع کے مطابق پولیس آر اے ایف مولز ورتھ کے علاقے میں گشت کر رہی تھی کہ فضائی اڈے کے قریب ایک لاوارث گاڑی ملی۔ گاڑی ملنے کے بعد پولیس نے علاقے کی تلاشی لی، جس کے دوران فضائی اڈے کی حفاظتی باڑ میں شگاف کا انکشاف ہوا۔پولیس نے دونوں مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ لاوارث گاڑی کی جانچ کے لیے بم ڈسپوزل ماہرین کو بھی طلب کیا گیا، جنہوں نے گاڑی اور اس کے اردگرد کے علاقے کا معائنہ کیا۔واقعے کی تحقیقات انسداد دہشت گردی پولیس کر رہی ہے۔ پولیس کے مطابق تحقیقات ابھی ابتدائی مرحلے میں ہیں اور یہ معلوم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ دونوں افراد فضائی اڈے میں کس مقصد کے تحت داخل ہوئے تھے۔آر اے ایف مولز ورتھ ایک اہم انٹیلی جنس مرکز ہے، جہاں امریکی اور نیٹو انٹیلی جنس سے متعلق سرگرمیاں انجام دی جاتی ہیں۔ اس فضائی اڈے پر یورپ اور افریقہ سے متعلق امریکی انٹیلی جنس سرگرمیاں بھی جاری ہیں، جبکہ برطانیہ میں نیٹو کا انٹیلی جنس ہیڈکوارٹر بھی اسی مقام پر قائم ہے۔


رپورٹ۔ سید زین العابدین،لندن